ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کمٹہ : خاتون کو قتل کرکے لاش گھاٹ پر پھینکنے والے 5 ملزمین گرفتار

کمٹہ : خاتون کو قتل کرکے لاش گھاٹ پر پھینکنے والے 5 ملزمین گرفتار

Thu, 22 Jun 2023 12:57:35    S.O. News Service

کمٹہ، 22 / جون (ایس او نیوز) کمٹہ تعلقہ کے سرسی روڈ پر دیوی منے گھاٹ پر جو اجنبی خاتون کی لاش ملی تھی اس کی تحقیقات کے دوران اس کی شناخت معلوم ہونے اور یہ ایک قتل کا معاملہ ثابت ہونے پر پولیس نے گدگ ضلع کے شیگاوں سے تعلق رکھنے والے 5 ملزمین کو گرفتار کر لیا ہے۔
    
یاد رہے کہ 17 جون کی شام کو دیوی منے گھاٹ پر ہائی وے کے کنارے ایک نا معلوم خاتون کی لاش دستیاب ہوئی تھی ۔ کمٹہ پی ایس آئی سنپت کی قیادت میں پولیس ٹیم نے جب موقع پر پہنچ کر جائزہ لیا تو اس کے گلے پر رسی کے نشان پائے گئے تھے ۔ اس سے گمان ہوا کہ اس خاتون کو قتل کرکے سڑک کنارے گھاٹ پر پھینکا گیا ہے ۔ 
    
پولیس نے اس معاملہ کی تحقیقات شروع کی اور ریاست میں لاپتہ خواتین کے سلسلے میں درج شکایتوں کا جائزہ لیا تو  پتہ چلا کہ شیگاوں پولیس اسٹیشن میں یلّمّا عرف تنو نامی خاتون لاپتہ ہونے کی شکایت اس کے شوہر لوہیت نے درج کروائی ہے ، اس خاتون کا حلیہ اس لاش سے ملتا ہے ۔ 
    
جب تحقیقات مزید آگے بڑھائی گئی تو پولیس کو اس خاتون کے شوہر اور اس کے رشتہ داروں پر شک ہوا ۔ جب ان لوگوں سے سختی کے ساتھ پوچھ تاچھ کی گئی تو قتل کا معمہ حل ہوگیا ۔ جس کے بعد قتل کے الزام میں خاتون کی شوہر لوہیت، اس کے رشتہ دار مہیش، کاویا، نیلکّا، گورمّا اور امیت نامی شخص کو گرفتار کیا گیا  ہے۔
    
تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ یلّمّا نے دو بچوں کی ماں ہونے کے باوجود غیر مردوں سے ناجائز تعلقات بنا رکھے تھے جس کی وجہ سے میاں بیوی میں جھگڑا چلتا رہتا تھا ۔ لوہیت اور اس کے گھر والوں نے یلّمّا کو سدھارنے کی کوشش کی مگر وہ سیدھی راہ پر نہیں آئی ۔ آخر اس سے چھٹکارا پانے کے لئے نیند کی گولیاں  کھانے میں کھلانے کے بعد  گلا گھونٹ کر اس کا قتل کیا گیا اور پھر ٹریکس  گاڑی میں لاش کو شیگاوں سے سرسی کی طرف لانے کے بعد رات کے وقت دیوی منے کے سنسان علاقے میں پھینک دیا گیا تھا ۔ 
 


Share: