ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کمٹہ میں بنگلور کالج کے چار طلبہ غرق ؛ دو کی نعشیں برآمد، مزید دو کی تلاش جاری

کمٹہ میں بنگلور کالج کے چار طلبہ غرق ؛ دو کی نعشیں برآمد، مزید دو کی تلاش جاری

Sat, 25 Jun 2022 17:05:29    S.O. News Service

بھٹکل 25 جون (ایس او نیوز)  ضلع اُترکنڑا کے کمٹہ سمندر میں ڈوب کر چار طلبہ ہلاک ہوگئے جس میں سے دو کی نعشیں سمندر سے برآمدکرلی گئی ہیں، دیگر دو کی تلاش جاری ہے۔ حادثہ  کمٹہ کے کاگل   نامی مقام پر سنیچر دوپہر پیش آیا جو بھٹکل سے قریب  62  کلو میٹر دور ہے۔

مرنے والوں کی شناخت  چیترا شری ،  ارجن،  کرن کمار اور تیجس کی حیثیت سے کی گئی ہے، اس میں دو   کی نعشیں برآمد کرلی گئی ہیں،  کرن کمار اور تیجس کی تلاش جاری ہے۔ پتہ چلا ہے کہ  تمام کا تعلق بنگلور سے ہے

ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق 80 طلبہ پر مشتمل بنگلور کی ایک کالج کے طلبہ  تفریح کرتے ہوئے کمٹہ پہنچے تھے اور ایک ہوٹل میں   رُکے تھے، ان میں سے بعض طلبہ  آج سنیچر صبح سمندری موجوں سے کھیلنے کے لئے  سمندر میں اُترے تھے۔

چونکہ ساحلی کرناٹکا میں گذشتہ قریب ایک ہفتہ سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے اور طوفانی ہوائوں سمیت سمندری لہروں میں زبردست تیزی دیکھی جارہی ہے، اس کو دیکھتے ہوئے محکمہ موسمیات کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سمندر میں اُترنے کے لئے ماہی گیروں کوبھی  منع کیا گیا ہے۔ ایسے میں  پتہ چلا ہے کہ  یہ  طلبہ سمندری لہروں سے کھیل رہے تھے۔ جس کے دوران تیزاُٹھتی لہروں نے چار طلبہ کو اپنے لپیٹ میں لے کر سمندر کی طرف کھینچ لیا جس کے نتیجے میں چاروں غرق ہوگئے۔

مزید تفصیلات موصول ہونی باقی ہے۔


Share: