بنگلورو،3/جون (ایس او نیوز/ایجنسی) حج 2023 کے سلسلے میں بنگلورو حج بھون میں حج عازمین حج کے لئے تربیتی کیمپس منعقد کئے جارہے ہیں جن میں علماء کرام کی جانب سے مناسک حج کے متعلق تربیت دی جارہی ہے۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے وزیر برائے اقلیتی امور ضمیر احمد خان نے اعلان کیا کہ ریاست کے 4 اضلاع ہبلی، بیدر، گلبرگہ و منگلورو میں نئے حج بھون کی تعمیر کی جائیگی.
اس موقع پر رحیم خان نے انہیں حج کی وزارت دئے جانے پر ضمیر احمد خان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ اس ذمہ داری کو بخوبی نبھائیں گے۔
اس موقع پر ضمیراحمد خان نے بتایا کہ کرناٹک کو تقریباً 8000 اپلیکیشنز کی اجازت ہے جب کہ تقریباً 7944 اپلیکیشنز منظور کئے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بتاریخ 6 جون کو حج کا افتتاحی اجلاس منعقد کیا جائیگا اور بتاریخ 7 جون کو عازمین حج کی بنگلورو سے پہلی فلائٹ روانہ ہوگی اور ان فلائٹس کا سلسلہ 22 جون تک چلے گا.
ریاستی وزیر ضمیراحمد خان نے بتایا بتاریخ 7 جون سے 22 جون تک ہر روز 3 فلائٹس روانہ ہونگے جن کے ذریعے ہر روز 450 عازمین حج روانہ ہوں گے۔
ریاستی وزیر برائے حج رحیم خان نے کہا کہ وزارت حج کی ذمہ داری انہیں ضمیراحمد خان کی مہربانی سے دی گئی ہے، لہذا انہوں نے ضمیر احمد خان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ حج کی اس ذمہ داری کو بخوبی نبھائیں گے۔
اس موقع پر ضمیراحمد خان نے ایک اور اعلان یہ کیا کہ ان کی جانب سے 22 جون تک حج بھون میں لنگر عام کا اہتمام کیا جائے گا۔