بنگلورو، 25/ جون(ایس او نیوز/ایجنسی)کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا نے وزیر اعلیٰ سدارامیا پر الزام پر لگایا ہے کہ کانگریس نے اقتدار حاصل کرنے سے پہلے کئی گارنٹی منصوبوں کا اعلان کیا تھا۔ اب وہ وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ بنارہی ہے۔ بی جے پی کے سنئیر لیڈر یڈی یورپا نے سوال کیا کہ کیا کانگریس نے مودی سے مشورہ کرکے گارنٹی اسکیموں کااعلان کیا تھا؟
بنگلور وکے پیلس گراؤنڈ میں منعقدہ بی جے پی کنونشن میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس نے جن گارنٹیوں کو نافذ کرنے کااعلان کیا ہے ان گارنٹیوں کو نافذ کرناچاہئے، ورنہ کانگریس کو اقتدار چھوڑ دینا چاہئے۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر کانگریس حکومت نے اعلان کے مطابق گارنٹی اسکیموں کو نافذ نہیں کیا تو بجٹ سیشن کے آغاز کے دن سے ہی گاندھی مجسمہ کے قریب کانگریس کے خلاف احتجاج شروع کیا جائے گا۔ ہمارے اراکین اسمبلی سیشن میں خلل پیدا نہیں کریں گے، کوئی بھوک ہڑتال نہیں ہوگی بلکہ ہم کھا پی کر احتجاج کریں گے۔
ایڈی یورپا نے کہا کہ اس حکومت کی ناک سے سردی دور کرنے ہم کام کریں گے۔ انہوں نے حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے دیئے گئے 5کلو چاول کے ساتھ ریاستی حکومت10کلو چاول کو شامل کرکے غریبوں کو جملہ15کلو چاول فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس والوں کو سیاست کھیلنے کا موقع نہیں دیا جائے گا۔