نئی دہلی،17فروری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)پنجاب اور گوا میں اپنی قسمت آزمانے کے بعد اگر آپ کو لگتا ہے کہ اروند کحریوال چپ بیٹھنے والے ہیں، تو ایسا نہیں ہے،ابھی نتائج آنا باقی ہے اور اس درمیان عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کجریوال ٹوئٹ کے ذریعے اپنی مخالف جماعتوں کے حوصلے کو ڈگمگانے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں۔کجریوال نے ایک ٹوئٹ کیا جس میں انہوں نے وزیر اعظم مودی کی ایک تقریر کو ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ سر، اس میں آپ نروس لگ رہے ہیں۔ظاہر ہے اس کے بعد کجریوال کے اس ٹوئٹ کے نیچے مودی اور آپ پارٹی کے حامیوں کے درمیان تلخ الفاظ کے تیر چلنا شروع ہو گئے۔سیاست کی تھوڑی بہت سمجھ رکھنے والے بھی کجریوال کے اس ٹوئٹ کے پیچھے چھپے طنز کو سمجھ سکتے ہیں۔کجریوال اس بات کی طرف اشارہ کر رہے تھے کہ یوپی میں الیکشن بی جے پی اور پی ایم مودی کے لئے آسان ثابت نہیں ہو رہا ہے،یہ بھی کسی سے پوشیدہ نہیں ہے کہ کجریوال اور مودی مختلف وقت پر ایک دوسرے پر چھینٹا کشی کرتے آئے ہیں،تاہم کجریوال کی پارٹی یوپی میں الیکشن نہیں لڑ رہی ہے، لیکن قومی سطح پر اپنی مخالف جماعتوں کے اعتماد کو ڈگمگانے میں عام آدمی پارٹی فی الحال کسر چھوڑتی نہیں دکھائی دے رہی ہے۔کجریوال نے جس تقریر کو ٹویٹ کرکے یہ تبصرہ لکھا ہے، وہ دراصل اتر پردیش کے ہردوئی میں جمعرات کو وزیر اعظم مودی کی طرف سے کی گئی تھی۔اس تقریر کو خود وزیر اعظم مودی کے اکاؤنٹ سے ہی ٹوئیٹ کیا گیا تھا اور لکھا گیا تھا کہ دلتوں پر مظالم کا واقعہ یوپی میں زیادہ ہے اور اتر پردیش حکومت اسے لے کر بالکل سنجیدہ نہیں ہے،اس کی براۂ راست ذمہ داری یوپی حکومت کی ہے۔