ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاویری مسئلہ ' مرکز کے موقف پر مایوسی : دیوے گوڑا

کاویری مسئلہ ' مرکز کے موقف پر مایوسی : دیوے گوڑا

Thu, 20 Oct 2016 12:02:44    S.O. News Service

ہاسن ،19؍اکتوبر(ایس اونیوز)سابق وزیر اعظم و جنتا دل (سیکولر) کے صدر ایچ ڈی دیوے گوڑا نے کاویری ٹریبونل کے فیصلہ کو چیلنج کرتے ہوئے کرناٹک حکومت کی جانب سے داخل کردہ اپیل پر مرکزی حکومت کے موقف پر مایوسی کا اظہار کیا ۔انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا '' میں ٹریبونل کے فیصلہ کو چیلنج کرتے ہوئے داخل کردہ عرضی پر سپریم کورٹ میں مرکز کے موقف پر مایوس ہوں۔مسٹرگوڑا نے کہا کہ حال ہی میں جب انہوں نے کاویری کے مسئلہ پر بھوک ہڑتال کی تھی تو مرکز کے نمائندوں نے ان سے ربط پیدا کرتے ہوئے اس مسئلہ پر ان سے تبادلہ خیال کیا تھا۔ اب مرکز نے کہا ہے کہ ٹریبونل کا فیصلہ حتمی ہے اور سپریم کورٹ کا اس مسئلہ پر کوئی دائرہ اختیار نہیں ہے ۔مسٹردیوے گوڑا نے کہا ''میں اندرون چند ہی دن مرکز کی جانب سے موقف تبدیل کرنے پر حیران ہوں ۔ کرناٹک کے وکیل نے بھی موثر طور پر دلائل پیش کئے ۔عدالت نے تملناڈو کو کاویری کا پانی جاری کرنے کی ہدایت دی ۔ ریاست کے وزیر آبی وسائل نے بھی پانی چھوڑنے کی حمایت کی لیکن ہمیں پینے کیلئے بھی پانی نہیں ہے ۔دیوڑے گوڑا نے کہا کہ ریاستی حکومت پہلے اپنی ترجیحات واضح کریں ۔ ٹریبونل نے 24 آبپاشی پراجکٹس کو منسوخ کردیا ہے ۔ ریاستی حکومت کی ترجیحات کیا ہیں؟۔دیوے گوڑا نے تلنگانہ حکومت کی جانب سے کی گئی خواہش کے مطابق دریائے کرشنا کے پانی کو دوبارہ الاٹ نہ کرنے کرشنا واٹر ڈسپیوٹ ٹریبونل کے فیصلہ کا استقبال کیا ۔ دیوے گوڑا نے کہا کہ وہ اور ان کے بیٹے ایچ ڈی کمارا سوامی سابق وزیراعلیٰ کرناٹک پانی کی بنیاد کو مستحکم کرنے کیلئے ریاست کا دورہ کریں گے ۔منگلورو' اڈوپی اور چکمگلور میں دورہ کے دوران ان کی پارٹی کو عوام سے بہتر ردعمل ملا ہے ۔ یہاں تک ممبئی ۔ کرناٹک علاقہ کے عوام کا بھی کہنا ہے کہ وہ دونوں قومی جماعتوں کانگریس اور بی جے پی سے تنگ آچکے ہیں۔مسٹرگوڑا نے کہا کہ کمارا سوامی ہبلی میں جلد ہی مکان کی تلاش کریں گے اور وہیں پر قیام کریں گے، تاکہ پارٹی کو مستحکم کرنے شمالی کرناٹک کا وہ سفر کرسکیں ۔انہوں نے مزید کہا '' میں پارلیمنٹ میں ریاست کے عوام کی بہبود کیلئے جدوجہد اس وقت تک جاری رکھوں گا جب تک میں ایسا کرسکوں ، میں جہاں بھی گیا ہوں مجھے بہتر ردعمل ملا ہے اور علاقائی جماعت کو مستحکم کرنے کیلئے لوگ آگے آرہے ہیں''۔


Share: