ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار: کانگریس کی 'بھارت جوڑو' یاترا بن رہی ہے 'پارٹی توڑو' یاترا - ڈی کے شی اور آر وی ڈی ہوگئے آمنے سامنے !

کاروار: کانگریس کی 'بھارت جوڑو' یاترا بن رہی ہے 'پارٹی توڑو' یاترا - ڈی کے شی اور آر وی ڈی ہوگئے آمنے سامنے !

Mon, 19 Sep 2022 23:37:16    S.O. News Service

کاروار 19/ ستمبر (ایس او نیوز) راہل گاندھی کی قیادت میں شروع کی گئی کانگریس کی 'بھارت جوڑو' پدیاترا اب دھیرے دھیرے 'پارٹی توڑو' یاترا میں بدلتی محسوس ہورہی ہے ، کیونکہ یہ پدیاترا  کیرالہ سے کرناٹکا میں پہنچنے سے قبل ہی پڑوسی ریاست گوا میں 8 اراکین اسمبلی نے کانگریس پارٹی کا 'ہاتھ' چھوڑ دیا اور 'کنول' کیمپ میں چلے گئے ۔ 

ادھر دوسری طرف کرناٹکا کانگریس پارٹی میں بھی زلزلے کے جھٹکے تیز ہوگئے ۔
    
کرناٹکا کانگریس کے صدر ڈی کے شیو کمار اور حزب اختلاف کے لیڈر سدارامیا کے بیچ آئندہ وزارت اعلیٰ کی کرسی کو لے کر پچھلے کئی دنوں سے چل رہی کشیدگی پارٹی کے لئے درد سر بنی ہوئی تھی ہی ، لیکن اب اس کھینچا تانی میں سینئر کانگریسی لیڈر آر وی دیشپانڈے کا نام بھی شامل ہوگیا ہے ۔ 
    
کہتے ہیں کہ ڈی کے شیو کمار نے پارٹی کی بھارت جوڑو یاترا میں بڑی تعداد میں لوگوں کو شریک کرنے کے لئے جدوجہد نہ کرنے اور سرگرمی نہ دکھانے والون کو آئندہ اسمبلی الیکشن میں ٹکٹ  نہ دینے کی جو بات کہی ہے اس پر آر وی دیشپانڈے چراغ پا ہوگئے ۔ انہوں نے کہا کہ کوئی اور ہمیں ٹکٹ نہیں دیتا بلکہ ہمارے لئے ٹکٹ دینے والا ہمارا ہائی کمان ہوتا ہے ۔  کانگریس ریاستی صدر، سی ایل پی لیڈر اپنی اپنی رائے ظاہر کرتے ہیں ۔ وہ لوگ ہائی کمان کے ساتھ  گفتگو کرتے ہیں ۔ ٹکٹ کا قطعی فیصلہ ہائی کمان ہی کرتا ہے ۔
    
اسی طرح کا بیان اور کانگریسی لیڈر دنیش گنڈو راو نے بھی دیا ہے ۔ انہوں نے کہا اگر کوئی یہ کہتا ہے کہ میں الیکشن میں ٹکٹ دیتا ہوں تو یہ صحیح نہیں ہے ۔ یہ معاملہ کبھی بھی کسی ایک شخص کے ہاتھ میں نہیں ہوتا ، بلکہ سب کی رائے جاننے کے بعد ہائی کمان کی طرف سے فیصلہ کیا جاتا ہے ۔


Share: