ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار: ضلع انچارج وزیر آر وی دیش پانڈے کی عوامی رابطہ میٹنگ

کاروار: ضلع انچارج وزیر آر وی دیش پانڈے کی عوامی رابطہ میٹنگ

Thu, 11 Aug 2016 15:29:15    S.O. News Service

کاروار11/اگست (ایس او نیوز) ضلع انچارج وزیر آر وی دیشپانڈے کی طرف سے عوامی مسائل حل کرنے کی غرض سے 16/اگست کو کاروار میں عوامی میٹنگ (جن سمپرک سبھا) کا انعقادکیا جارہا ہے۔یہ میٹنگ ضلع رنگ مندر میں صبح ۹ بجے سے دوپہر ایک بجے تک چلے گی۔

اس سلسلے میں ضلع ڈپٹی کمشنرایس ایس نکول کی نگرانی میں مختلف محکمہ جات کے افسران کے ساتھ ایک ابتدائی جائزاتی نشست منعقد کی گئی۔جس میں بتایاگیا کہ مذکورہ نشست میں پیش کرنے کے لئے عوام کی طرف سے مسائل پر مبنی 137درخواستیں اب تک موصول ہوئی ہیں جو جانچ کے بعد متعلقہ محکمہ جات کو روانہ کردی گئی ہیں۔ اس لئے ان محکمہ جات کے افسران کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ ان درخواستوں کے معاملے میں کیے گئے اقدامات اور دیگر تفصیلات 16/اگست کی نشست میں پیش کریں۔ اس کے علاوہ عوام کی طرف سے مسائل اور درخواستیں عین میٹنگ کے دوران بھی پیش کیے جاسکتے ہیں۔

وہاٹس ایپ سے موصولہ شکایتیں:  ضلع ڈپٹی کمشنر کی طرف سے عوام کو وہاٹس ایپ کے ذریعے شکایتیں درج کرنے کی جو سہولت فراہم کی گئی ہے، عوام اس کا فائدہ اٹھارہے ہیں۔ مسٹر نکول نے بتایا کہ ایسی 1137درخواستیں ابھی تک کارروائی کے انتظار میں مختلف محکمہ جات کے پاس پڑی ہوئی ہیں۔ لہٰذا مجوزہ عوامی میٹنگ سے پہلے ان تمام درخواستوں کے سلسلے میں ضروری کارروائی کرتے ہوئے اس کی رپورٹ عوامی میٹنگ سے پہلے وہاٹس ایپ کے ذریعے فراہم کرنی ہوگی۔اس سلسلے میں اگر کوتاہی کی گئی تو متعلقہ افسر کو اس کے نتائج بھگتنے ہونگے۔

کراولی اتسو کی تیاری:    ضلع ڈپٹی کمشنر کے مطابق دسمبر کے مہینے میں منعقد ہونے والے کراولی اتسو کی تیاریاں ابھی سے شروع ہوگئی ہیں۔اس سلسلے میں مختلف ضروری کیمٹیوں کی تشکیل عمل میں آچکی ہے۔اس مہینے کے آخر تک ان کمیٹیوں کی میٹنگ منعقد کی جائے گی جس میں تمام پہلوؤں پر غور و خوض کرتے ہوئے فیصلے کیے جائیں گے۔دسمبر میں کراولی اتسو منانے کا ایک اہم مقصد یہ ہے کہ اس سے سیاحوں کو زیادہ سے زیادہ استفادہ کرنے کا موقع ملے۔اس لئے کوشش یہ ہونی چاہیے کہ صرف کلچرل پروگرام ہی نہیں بلکہ بہت سارے مختلف النوع پروگرام ترتیب دینے کی کوشش کی جائے۔

اس کے علاوہ انہوں نے میٹنگ میں موجود سرکاری افسران سے یہ بھی درخواست کی کہ نومبر میں ہونے والے ادیوگ میلہ کو پوری طرح کامیاب بنانے میں بھی دلچسپی لیں۔اس مقصد کے لئے بھی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس کی نشست بھی اس مہینے کے آخر میں منعقد کی جائے گی۔

اس موقع پرمختلف محکمہ جات کے افسران کے علاوہ ایڈیشنل ڈی سی ایچ ایس پرسناااور جن سمپرک سبھا اور ادیوگ میلہ کے نوڈل افیسر سداشیو پربھو موجود تھے۔


Share: