ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار : کے پی سی سی صدر شیوکمار کے ساتھ  منکال وئیدیا اور ستیش سائل نے کی  ملاقات - کیا اسمبلی الیکشن میں ٹکٹ کے لئے ہو رہی ہے پیشگی تیاری ؟

کاروار : کے پی سی سی صدر شیوکمار کے ساتھ  منکال وئیدیا اور ستیش سائل نے کی  ملاقات - کیا اسمبلی الیکشن میں ٹکٹ کے لئے ہو رہی ہے پیشگی تیاری ؟

Thu, 21 Jul 2022 12:59:30    S.O. News Service

کاروار ،21؍ جولائی (ایس او نیوز) اگلے دس مہینوں میں کرناٹکا اسمبلی الیکشن منعقد ہونے والے ہیں ۔ اس وجہ سے تمام سیاسی پارٹیوں کی سرگرمیوں میں تیزی آ گئی ہے تو  لیڈروں نے اپنے لئے ٹکٹ کے راستے کھولنے کی تیاریاں بھی شروع کردیں ۔
    
اسی سلسلے کی ایک کڑی کے طور پر بھٹکل کے سابق ایم ایل اے منکال وئیدیا اور کاروار انکولہ حلقہ کے سابق ایم ایل اے ستیش سائل نے کرناٹکا پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ڈی کے شیوکمار کے ساتھ  بنگلورو میں واقع  ان کے مکان پر خصوصی ملاقات کی جو موصولہ رپورٹ کے مطابق یہ ملاقات ایک گھنٹے تک چلی ہے ۔
    

ان دو سابق اراکین اسمبلی کی پارٹی صدر کے ساتھ یہ ملاقات اس لئے بڑی اہمیت رکھتی ہے کہ پچھلے کچھ عرصہ سے ایک طرف منکال وئیدیا کے بارے میں یہ خبریں عام تھیں کہ وہ کانگریس سے انتخاب لڑنے کے لئے ٹکٹ نہ ملنے کے آثار کو دیکھتے ہوئے آئندہ الیکشن میں بطور آزاد امیدوار میدان میں اترنے کا من بنا چکے ہیں ۔ وہیں دوسری طرف ستیش سائل کے تعلق سے آزاد امیدوار بننے کی خبروں کے ساتھ کانگریس چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہونے کی افواہیں بھی عام ہوگئی تھیں ۔ یہاں یہ بات بھی یاد رکھنے لائق ہے کہ سال 2013 میں کانگریس پارٹی سے ٹکٹ نہ ملنے پر ان دونوں لیڈروں نے آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن لڑا تھا اور دونوں نے ہی جیت درج کی تھی ۔
    
لہٰذا ضلع کے سیاسی حلقوں میں منکال اور سائل کی کے پی سی سی صدر سے ملاقات کو سیاسی اٹکل بازیوں پر روک لگانے اور دونوں ہی کانگریس پارٹی کے ساتھ ہونے کا سگنل دیتے ہوئے اپنے لئے ٹکٹ حاصل کرنے کا پیشگی اقدام سمجھا جا رہا ہے ۔ مگر ان دونوں سیاسی لیڈروں نے کہا کہ اپنی پارٹی کے صدر سے ان کی یہ ایک عام ملاقات تھی اور کسی خاص مقصد کے تحت نہیں تھی ۔ میٹنگ کے دوران پارٹی صدر نے ضلع کی سیاسی صورت حال اور مسائل پر بات چیت کی اور آئندہ الیکشن میں جیت حاصل کرنے کے لئے پارٹی کو ضلع میں مستحکم کرنے کے لئے ہدایت اور مشورے دئے۔


Share: