ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار : مرکزی وزیر گڈکری نے کیا ہائی وے توسیعی منصوبہ قریب الختم ہونے کا دعویٰ -بی جے پی ایم ایل اے روپالی نائک نے جھٹلایا 

کاروار : مرکزی وزیر گڈکری نے کیا ہائی وے توسیعی منصوبہ قریب الختم ہونے کا دعویٰ -بی جے پی ایم ایل اے روپالی نائک نے جھٹلایا 

Fri, 08 Jul 2022 18:43:28    S.O. News Service

کاروار،8؍جولائی (ایس او نیوز) انکولہ کاروار حلقہ کی رکن اسمبلی روپالی نائک، جس کا  تعلق بی جے پی سے ہے،   نے مرکزی وزیر نتین گڈکری کی طرف سے سوشیل میڈیا پر کیے گئے اس دعوے کو جھٹلادیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ شمالی کینرا اور کنداپور کو جوڑنے والا نیشنل ہائی وے توسیعی منصوبہ قریب الختم ہے  اور جلد ہی اسے عام استعمال کے لئے چھوڑ دیا جائے گا۔ 
    
حال ہی میں کاروار میں ہر طرف سڑکوں اور نشیبی علاقوں میں برساتی پانی جمع ہونے کے بعد میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے ایم ایل اے روپالی نے کہا :"ابھی تک 50 فیصد کام بھی پورا نہیں ہوا ہے ۔ آئی آر بی ٹھیکیدار کمپنی نے صرف وہاں پر روڈ بنائے ہیں جہاں زمین تحویل میں لی گئی تھی ۔ جہاں ممکن تھا وہاں روڈ تو بنائے ہیں مگر وہاں سروس روڈ کہاں بنے ہیں ؟ مقامی لوگ ایک جانب سے دوسری جانب سڑک کیسے پار کریں گے ؟ ابھی کئی جگہوں پر تعمیری کام شروع ہی نہیں ہوا ۔ انہوں نے ایک بھی اسٹریٹ لائٹ نہیں لگوائی ہے ۔ اس کی وجہ سے مضافات سے پیدل آنے جانے والے  لوگ زیادہ متاثر ہونگے۔"
    
ایم ایل اے نے کہا کہ " ٹھیکیدار کمپنی چند مٹھی بھر ملازمین کے ساتھ اتنے بڑے پروجیکٹ کو پورا کرنے میں لگی ہے ۔ سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا ہے ۔ نالے بھر گئے ہیں مگر پانی کی نکاسی کا انتظام نہیں ہے ۔" روپالی نائک نے کمپنی کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ کام پورا نہ ہوتے ہوئے بھی اس کی طرف سے ہو رہی ٹول وصولی روکنے کے لئے اقدامات کیے جائیں گے۔  
    
جب سڑک کے فوٹو کے ساتھ  مرکزی وزیر گڈگری کے ٹویٹ کے بارے میں پوچھا گیا تو روپالی نائک نے کہا کہ کمپنی نے گڈکری کو غلط معلومات فراہم کی ہونگی ۔ میں انہیں تحریری طور پر زمینی حقائق کی تفصیل بھیجونگی۔ 
    
ضلع انچارج وزیر کوٹا سرینواس پجاری نے کہا " ہم آئی آر بی کمپنی اور نیشنل ہائی وے اتھاریٹی کے ذمہ داران کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کریں گے اور اپنے مقررہ وقت پر اس منصوبے کی تکمیل کو یقینی بنائیں گے ۔ وزیر موصوف کے مطابق یہ میٹنگ 11 جولائی کو منعقد ہوگی۔ 


Share: