کاروار ،10 / جون (ایس او نیوز) ڈپٹی کمشنر پربھو لنگا کولیکٹّی نے اخبار نویسوں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ ضلع میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے لئے ریاستی حکومت سے اسٹیٹ ڈسیاسٹر ریسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) کی ٹیم تعینات کا مطالبہ کیا گیا ہے اور توقع ہے کہ آئندہ دس دنوں کے اندر یہ ٹیم یہاں پہنچ جائے گی ۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا ہمارے ضلع کے لئے مستقل ایس ڈی آر ایف ٹیم تعینات کرنے کے لئے ریاستی حکومت سے مانگ کرنے کے بارے میں غور کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ برسات کے موسم میں پیش آنے والے حالات سے نمٹنے کے لئے تمام تیاریاں کی گئی ہیں ۔ تین مرحلوں میں ٹاسک فورس کمیٹی کی تشکیل عمل میں لائی گئی ہے ۔ مختلف مرحلوں میں میٹنگس منعقد کی گئی ہیں ۔
ڈی سی نے بتایا کہ گزشتہ سال کدرا ڈیم میں پانی کی سطح کو قابو میں رکھنے کا جو طریقہ اپنایا گیا تھا وہ بے حد کامیاب رہا اور سیلابی حالات کم ہوگئے تھے ۔ اس وجہ سے امسال بھی اسی طرح ڈیم میں پانی کی سطح کو قابو میں رکھنے کے لئے ڈیم کے افسران کو ہدایات جاری کی گئی ہیں ۔
انہوں نے بتایا کہ محکمہ موسمیات کی طرف سے طوفان اور بھاری برسات کی جو پیشین گوئی کی گئی ہے اس کے پیش نظر ہنگامی حالات میں کارروائی کرنے کے لئے حفاظتی ٹیم اور ضروری ساز و سامان کا بندوبست کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ ماہی گیروں، رضا کاروں اور لائف گارڈس کی ٹیموں نے بھی ضرورت پڑنے پر کارروائی میں حصہ لینے کا تیقن دیا ہے ۔