چکمگلورو، 16/ جنوری (ایس او نیوز) پی یو سی پڑھنے والی 17 طالبہ کی خود کشی کا معاملہ اس وقت ایک نیا موڑ اختیار کر گیا جب پولیس نے لڑکی کا وہ ڈیتھ نوٹ حاصل کر لیا جس میں اس نے اپنی موت کے لئے بی جے پی کارکن ہیتیش (25 سال) کو مورد الزام ٹھہرایا ہے ۔
مبینہ طور پر اس نوٹ میں کہا گیا ہے کہ ہتیش نے اس کے ساتھ عشق ہو جانے کا ڈرامہ کیا اور پھر اسے دھوکہ دیا ۔ لڑکی نے ہتیش کے ذریعہ ہراساں کیے جانے کا بھی الزام لگایا ہے ۔
خیال رہے کہ 10 جنوری کو اس لڑکی نے کیڑے مار دوا کھا کر خود کشی کی کوشش کی تھی ، جس کے بعد اسے منگلورو کے اے جے ہاسپٹل میں داخل کیا گیا تھا ۔ علاج کار گر نہ ہونے کی وجہ سے اس نے 14 جنوری کو اسپتال میں ہی دم توڑ دیا ۔
لڑکی کے گھر والوں کا کہنا ہے کہ کدرے مکھ پولیس نے ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج نہیں کی تھی ۔ پھر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کی مداخلت کے بعد شکایت درج کی گئی ۔ لڑکی کے والدین نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزم کے خلاف پوکسو قانون کے تحت کیس درج کیا جائے ۔ انہوں نے پولیس کی طرف سے ملزم کو گرفتار نہ کیے جانے پر سخت اعتراض جتایا ہے ۔