لکھنؤ، 30؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )کنٹرول لائن کے پار سرجیکل حملے کی کامیابی پر ہندوستانی فوج کو مبارکباد دیتے ہوئے بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے آج کہا کہ حکومت کو پٹھان کوٹ حملے کے فورا بعد ہی ایسی کارروائی کر نی چاہیے تھی۔مایاوتی نے ایک بیان میں کہاکہ پی ا و کے میں کامیاب سرجیکل حملہ کرکے فوج نے اپنے ملک کے لوگوں سے کیا وعدہ نبھایا ہے۔اس کے لیے فوج مبارکباد کی مستحق ہے۔ مودی حکومت کی جانب سے اس کی اجازت دینا صحیح ہے لیکن یہ کافی دیر سے لیا گیا فیصلہ ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر پٹھان کوٹ دہشت گردانہ حملے کے بعد ایسی فوری کارروائی کی گئی ہوتی تو اڑی کے المناک اور افسوسناک واقعہ سے بچا جا سکتا تھا اور 19فوجیوں کی جان کو بچایا جا سکتا تھا۔مایاوتی نے کہا کہ بی جے پی اور مودی حکومت کے لیے یہ نہ تو انتہائی پرجوش ہو کر جشن منانے کا وقت ہے اور نہ ہی اس بارے میں سیاسی اور انتخابی فائدہ اٹھانے کی غلط کوشش کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ موجودہ واقعات کے بعد ملک کے سامنے چیلنج بڑھ گئے ہیں۔ملک کی سلامتی کے ساتھ ہی شہریوں کی حفاظت کے لیے کافی ہوشیار رہنا ضروری ہے۔بی ایس پی سپریمو نے کہا کہ ہندوستان کو پاکستان سمیت تمام بین الاقوامی سرحدوں کو مضبوط بنانے کی طرف توجہ دینا چاہیے ۔موجودہ حکومت نے اپنی ڈھائی سال کی مدت میں اس طرف بہت کم توجہ دی ہے جس کی وجہ سے ملک میں دہشت گردانہ سرگرمیاں مسلسل جاری رہی ہیں اور عوام کے ساتھ ساتھ فوجیوں کی بھی جان گئی ہے۔انہوں نے بی جے پی صدر امت شاہ کے اس بیان کو جلدی اور سیاست سے حوصلہ افزا بتایا جس میں شاہ نے کہا ہے کہ نئے ہندوستان کا آغاز ہوا ہے۔مایاوتی نے کہاکہ ایسی شاباشی لینے کی جلدی اور نادانی بی جے پی اینڈ کمپنی کے لوگوں کو نہیں کرنی چاہیے ۔