ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پورنیہ میں امت شاہ کا شو ’فلاپ‘ ، بار بار لوگوں سے تالی بجانے کی گزارش کرتے آئے نظر ؛ اوپیندر کشواہا

پورنیہ میں امت شاہ کا شو ’فلاپ‘ ، بار بار لوگوں سے تالی بجانے کی گزارش کرتے آئے نظر ؛ اوپیندر کشواہا

Sat, 24 Sep 2022 11:39:16    S.O. News Service

پٹنہ، 24؍ستمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی)  پورنیہ میں امت شاہ کا شو ’فلاپ رہا،  وہ لوگوں سے تالیاں بجانے  کی گذارش کرتے نظر آئے، لیکن  لوگوں میں  جوش نظر نہیں آرہا تھا، یہ بات جنتا دل یو پارلیمانی بورڈ کے سربراہ اوپیندر کشواہا  نے  کہی۔ انہوں نے کہا  کہ بہار کے پورنیہ میں جمعہ کو مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی ریلی میں شامل ہونے والے لوگوں میں کوئی جوش دکھائی نہیں دے رہا تھا۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ امت شاہ  اپنی تقریر کے دوران بار بار لوگوں سے تالی بجانے اور جوش دکھانے کے لیے کہ رہے تھے۔

اوپیندر کشواہا  کے مطابق ’’ریلی میں آئے ہوئے  لوگ امت شاہ کی گزارش کے بعد ہی تالیاں بجا رہے تھے، یہ سب باتیں  واضح کرتی ہیں کہ لوگوں  کے اندر  بی جے پی کے تئیں کوئی کشش نہیں ہے اور  بہار کے لوگوں کو اب بھگوا پارٹی پر بھروسہ نہیں ہے۔‘‘ انھوں نے کہا کہ بہار کے لوگ اب اسمارٹ ہو گئے ہیں اور وہ بی جے پی کے جھوٹ سے اچھی طرح واقف ہوچکے  ہیں۔

جنتا دل یو ترجمان ابھشیک جھا نے بھی بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے  کہا کہ ’’بی جے پی ہم پر بھروسہ توڑنے کا الزام لگا رہی ہے، لیکن میں بی جے پی سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ اس کے اتحادی ساتھی اسے کیوں چھوڑ رہے ہیں۔ ان کے پاس اپنے اتحادی ساتھیوں کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے کا نظریہ ہے۔ انھیں 2015 کے اسمبلی انتخاب کو نہیں بھولنا چاہیے۔ بہار میں جب پی ایم مودی نے ریاست بھر میں 42 ریلیاں کی تھیں  مگر  صرف 53 اسمبلی سیٹیں جیتی تھیں۔ بہار کے لوگ انھیں آئندہ انتخابات میں سبق سکھائیں گے۔‘‘

دوسری طرف بی جے پی کی پورنیہ ریلی پر آر جے ڈی ترجمان مرتیونجے تیواری نے کہا کہ ’’امت شاہ نے بہار کے خصوصی درجہ کے بارے میں بات نہیں کی جس کی لوگ امید کر رہے تھے۔ وہ بی جے پی کے جھوٹ سے ناراض ہیں اور انھیں 2024 کے لوک سبھا انتخاب میں سبق سکھائیں گے۔ 2024 میں بہار میں بھگوا پارٹی اور 2025 کے اسمبلی انتخاب میں کوئی اس کا نام نہیں لے گا۔‘‘


Share: