ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / مدھیہ پردیش میں سوالنامہ چوری کا معاملہ، کانگریس کا بی جے پی حکومت پر شدید حملہ

مدھیہ پردیش میں سوالنامہ چوری کا معاملہ، کانگریس کا بی جے پی حکومت پر شدید حملہ

Sat, 04 Jul 2026 18:19:03    S O News

بھوپال ، 4/ جون (ایس او نیوز /ایجنسی) کانگریس نے مدھیہ پردیش کے ’راجیو گاندھی پرودیوگیکی وشوودیالیہ‘ (آر جی پی وی) میں مبینہ طور پر سوالنامہ چوری ہونے کے معاملہ میں مرکز اور ریاست کی بی جے پی حکومتوں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ پارٹی نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ بی جے پی حکومت کے دور میں اب صرف ’پیپر لیک‘ ہی نہیں بلکہ ’پیپر چوری‘ کے واقعات بھی سامنے آنے لگے ہیں، جس سے طلبا کا مستقبل متاثر ہو رہا ہے۔

کانگریس کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ مدھیہ پردیش کے ’آر جی پی وی‘ میں امتحان شروع ہونے سے عین قبل سوالنامہ مبینہ طور پر چوری ہو گیا، جس کے بعد متعلقہ امتحان منسوخ کر دیا گیا۔ اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے کانگریس نے اپنے بیان میں کہا کہ ’’بی جے پی حکومت میں ’پیپر لیک‘ کے بعد اب ’پیپر چوری‘ بھی ہونے لگی ہے۔ مدھیہ پردیش کے راجیو گاندھی پرودیوگیکی وشوودیالیہ میں امتحان سے ٹھیک پہلے سوالنامہ ہی چوری ہو گیا، جس کے باعث امتحان منسوخ کرنا پڑا۔‘‘ پارٹی نے مزید لکھا ہے کہ ’’بی جے پی کی ناکارہ حکومت اور اس کا ناقص نظام نئے نئے طریقوں سے طلبا کا مستقبل تباہ کر رہا ہے اور ان کی محنت و خوابوں کو روند رہا ہے۔‘‘

کانگریس نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ نوجوان ان واقعات کو کبھی معاف نہیں کریں گے اور حکومت کو طلبا کے مستقبل کے ساتھ مبینہ کھلواڑ کا جواب دینا ہوگا۔ واضح رہے کہ کانگریس نے یہ ردعمل ’نیوز 18‘ کی اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے ظاہر کیا ہے، جس میں سوالنامہ چوری ہونے کے بعد امتحان منسوخ کیے جانے کی اطلاع دی گئی ہے۔


Share: