نئی دہلی، 29/دسمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ آئندہ اسمبلی انتخابات کے لیے پنجاب ریاستی کانگریس کمیٹی (پی پی سی سی)کا انتخابی منشور جاری کریں گے۔منشور جاری کئے جانے کی تاریخ ابھی طے نہیں ہوئی ہے، لیکن پنجاب معاملات کی کانگریس انچارج آشا کماری اور ریاستی کانگریس کمیٹی کے سربراہ امریندر سنگھ کے ساتھ یہاں ہوئی ایک میٹنگ میں منموہن سنگھ کے منشور جاری کرنے پر اتفاق رائے بنا ہے۔منشور کے ذریعے پنجاب میں حکومت کو لے کر پارٹی کا خاکہ پیش کیا جائے گا۔امریندر اور آشا کے ساتھ منموہن نے منشور کے اہم نکات پر بات چیت کی ہے۔ریاست کے سابق وزیر خزانہ من پریت بادل کی قیادت میں ریاستی کانگریس کمیٹی کی انتخابی منشور کمیٹی کی جانب سے منشور کو حتمی شکل دی جائے گی۔بعد میں صحافیوں سے بات چیت میں آشا نے کہا کہ پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ منشور جاری کرنے سے پہلے اس کے مسودے پر اقتصادی مسائل کے ماہر منموہن سنگھ کی رائے لے لی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ کانگریس مسائل کی باریکیوں کو سمجھے بغیر من مانے فیصلے کرنے پر یقین نہیں رکھتی اور پارٹی کو لگتا ہے کہ منشور، جس کا پنجاب کے لوگوں پر اثر پڑے گا، کو حتمی شکل دیئے جانے میں منموہن سنگھ کو شامل کرنا اہم ہے۔آشا نے کہا کہ کانگریس وزیر اعظم نریندر مودی کے کام کرنے کے طریقے سے بالکل برعکس کام کرتی ہے، جنہوں نے راہل گاندھی کی طرف سے بار بار پوچھے جانے کے باوجود اب تک یہ نہیں بتایا ہے کہ نوٹ بند ی پر انہوں نے کس سے رابطہ کیاتھا۔امریندر نے کہا کہ منموہن نے منشور کے حوالے سے کچھ اہم تجاویز دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کا منشور ایسا بنایا جا رہا ہے جس سے پنجاب کو اقتصادی اضافہ اور ترقی کے راستے پر پھر سے واپس لایا جا سکے۔