پتور ،12/ جون (ایس او نیوز) اپن انگڈی شیراڈی گاوں میں اڈین ہولے کے پاس ایک کار پُل سے ٹکرانے کے بعد ندی میں جا گری جس کی وجہ سے ایک شخص ہلاک اور ڈرائیور زخمی ہوگیا ۔ حادثہ اتوار صبح پیش آیا۔
حادثے میں مہلوک شخص کی شناخت کار میں سفر کر رہے تمل ناڈو کے رہنے والے ہری پرساد (45 سال) کے طور پر کی گئی ہے جبکہ کار ڈرائیو کرنے والے گوپی زخمی کا پیر ٹوٹ گیا ہے اور اسے علاج کے لئے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے ۔
ابتدائی طور پر یہ کہا جا رہا ہے کہ ڈرائیور کو شائد اونگ آئی ہوگی یا پھر اس نے کسی گاڑی کو اوور ٹیک کرنے کی کوشش کی ہوگی جس سے اس کی کار بے قابو ہوکر پُل کی حفاظتی ریلنگ سے ٹکرانے کے بعد ندی میں جاگری۔
حادثہ کے وقت جو موٹر گاڑیاں اس مقام سے گزر رہی تھیں اس میں سوار لوگوں نے مقامی لوگوں کو اس بارے میں اطلاع دی اور کار میں موجود افراد کو بچانے کا کام شروع کیا گیا ۔ اسی کے ساتھ پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور حادثہ کے شکار افراد کو بچانے کا کام آگے بڑھایا گیا۔
اس ضمن میں اپن انگڈی پولیس اسٹیشن میں کیس درج کیا گیا ہے ۔