بنگلورو21؍اگست(ایس او نیوز) فلم اداکارہ اور سابق رکن پارلیمان کی طرف سے پڑوسی ملک پاکستان کی تعریف ایک تنازعہ کا سبب بن گئی ہے۔ انہوں نے حال ہی میں مرکزی وزیر دفاع منوہر پاریکر کی طرف سے پاکستان کو جہنم قرار دئے جانے پر اعتراض کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان بھی ہماری طرح ہی ایک ملک ہے ، وہاں بھی ہم جیسے انسان ہی بستے ہیں اسی لئے اس ملک کے بارے میں ایسا نہیں کہا جانا چاہئے تھا۔ رمیہ کے اس بیان پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ملک بھر میں بی جے پی نے اس کے خلاف احتجاج کرنے کی ٹھان لی ہے۔مختلف بی جے پی لیڈروں نے رمیہ کے اس بیان پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ کئی مقامات پر رمیہ کی تصاویر کو نذر آتش کرکے احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔ خاص طور پر میسور اور منڈیا میں سابق رکن پارلیمان کے خلاف پرزور احتجاجات بی جے پی اور سنگھ پریوار کے کارندوں کی طرف سے شروع ہوچکے ہیں۔ رمیہ نے منوہر پاریکر کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاتھاکہ پاکستان کو جہنم قرار دینا غلط ہے، اس ملک کے باشندے بھی ہم جیسے ہیں، اچھی بول چال کرتے ہیں، اور وہ بھی ایک اچھا ملک ہے۔ رمیہ کے اس بیان پر بی جے پی سے وابستہ فلم اداکار جگیش نے سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ رمیہ اگر چاہیں تواپنی پارٹی کے لیڈروں سونیا گاندھی ، راہول گاندھی، سدرامیا اور جی پرمیشور کو لے کر پاکستان چلی جائیں۔ اس ملک میں رہ کر دشمن ملک کی تعریف ہرگز برداشت نہیں کی جاسکتی۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے خلاف پچھلے چار دنوں سے احتجاج میں مصروف اے بی وی پی کارکنوں نے بھی رمیہ کے اس بیان پر سخت اعتراض کیا ہے اور کہا ہے کہ رمیہ کو اپنے اس بیان کیلئے ملک کے عوام سے معافی مانگنی ہوگی۔ سابق فوجیوں نے بھی رمیہ کے اس بیان کی سخت مذمت کرتے ہوئے ان سے کہا ہے کہ ان کا بیان بچکانہ ہے۔ فوری طور پر انہیں اپنا بیان واپس لینا چاہئے۔ بی جے پی رکن پارلیمان پرہلاد جوشی نے بھی رمیہ کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کانگریسیوں کی حب الوطنی کا معیار کیا ہے۔ اس دوران یہ بھی بتایا جارہاہے کہ رمیہ کے اس بیان پر کانگریس کے کئی قائدین نے سخت اعتراض کیا ہے۔ اس دوران ایمنسٹی انٹرنیشنل کی ایک تقریب میں فوج اور ملک کے خلاف نعرہ بازی کرنے کا الزام لگاتے ہوئے بی جے پی نواز طلبا تنظیم اے بی وی پی کی طرف سے پچھلے چار دنوں سے شہر میں جاری احتجاج میں آج سابق فوجیوں کی ٹولی بھی شامل ہوگئی۔ان لوگوں نے ایمنسٹی انٹرنیشنل پرپابندی لگانے کا مطالبہ کرنے کے ساتھ نعرہ بازی کرنے والوں کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کی مانگ کی اور اس سلسلے میں ریاستی حکومت کی طرف سے کی جارہی تاخیر کی مذمت کی۔ شہر کے آنند راؤ سرکل میں اے بی وی پی کارکنوں کے دھرنے میں حصہ لیتے ہوئے 40سابق فوجیوں نے فوج کے خلاف نعرہ بازی کرنے والوں کو فوراً گرفتار کرنے اور اس پروگرام کا اہتمام کرنے والی ایمنسٹی انٹرنیشنل کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔اس موقع پر اداکار جگیش نے ملک کے غداروں کو گرفتار کرنے اور ملک بدر کرنے کی مانگ کی اور کہاکہ ایسا کرنے کی بجائے ریاستی حکومت غداروں کے خلاف آواز اٹھانے والی اے بی وی پی کے کارکنوں کو گرفتار کررہی ہے۔ اے بی وی پی کے سکریٹری ونئے بدرے نے بتایاکہ آج شام پچھلے دو دنوں سے جاری دھرنا ختم ہوجائے گا اس سلسلے میں آگے کیا کارروائی کرنی ہے یہ فیصلہ مشورہ کے بعد لیاجائے گا۔ انہوں نے اس معاملے میں وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور کی طرف سے ایمنسٹی انٹرنیشنل کو بری کئے جانے کی مذمت کی اور کہاکہ اب بھی یہ معاملہ تحقیقات کے مراحل میں ہے، اس سے پہلے کوئی فیصلہ نہیں لیا جانا چاہئے۔ پاکستان کے حق میں اداکارہ رمیہ کے بیان پر نکتہ چینی کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ڈگ وجئے سنگھ ، سدرامیا اور پرمیشور کو خوش کرنے کیلئے رمیہ نے یہ بیان دیاہوگا ،اس سے ظاہر ہوتاہے کہ رمیہ کی حب الوطنی کا معیار کیا ہے۔