ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ٹیم کے ارکان کے ساتھ میرا اچھا تال میل ہے: کمبلے

ٹیم کے ارکان کے ساتھ میرا اچھا تال میل ہے: کمبلے

Sat, 23 Jul 2016 11:03:41    S.O. News Service

اینٹیگا، 22؍جولائی(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )کوچ کے طور پر پہلی بار کسی سیریز میں اترے انل کمبلے نے جمعرات کو کہا کہ ان کا کپتان وراٹ کوہلی اور ٹیم کے دیگر ارکان کے ساتھ اچھا تال میل ہے اور وہ طویل ٹیسٹ سیشن کے لیے تیار ہیں۔ہندوستان نے جمعرات کو ویسٹ انڈیز کے خلاف چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کی شروعات کی ہے ۔یہ کمبلے کا کوچ کے طور پر پہلا ٹیسٹ میچ ہے۔کمبلے نے پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل کہاکہ میں آئی پی ایل میں رائل چیلنجرس بنگلور کا حصہ رہا ہوں۔ہم نے تین سال تک ایک ساتھ کھیلا ہے اور میں کوہلی کو اچھی طرح سے سمجھتا ہوں، وہ کافی سمجھدار ہے،وہ میدان پر ہمیشہ اچھی کارکردگی کرنا چاہتا ہے اور واقعی میں جارحیت پسند ہے۔انہوں نے کہاکہ اس کی بلے بازی کے بارے میں تو ہم سب جانتے ہیں کہ وہ کتنا اچھا بلے باز ہے، ٹیم واقعی اچھی طرح سے گھل مل گئی ہے اور میں نے واقعی میں محسوس کیا کہ سب نے میرا تہہ دل سے استقبال کیا اور یہ اچھی بات ہے۔کمبلے نے کہا کہ ان کی ٹیم اس سیشن میں 15ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ یہ ٹیم بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے، یہ نوجوان ٹیم ہے، ان میں سے کچھ کھلاڑی پہلی بار ویسٹ انڈیز کی سرزمین پر آئے ہیں، لہذا یہ ان کے لیے بہت اچھا تجربہ ہو گا ، ٹیم میں چار پانچ سینئر کھلاڑی بھی ہیں جو یہاں کھیل چکے ہیں۔ان میں سے زیادہ تر نے یہاں ٹیسٹ نہیں بلکہ ون ڈے کرکٹ کھیلی ہے۔ہندوستان نے آخری بار بیرون ملک ٹیسٹ سیریز ویسٹ انڈیز میں ہی جیتی تھی اور کمبلے کو لگتاہے کہ یہ مثبت پہلو ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ ہمارے لیے مثبت ہے، پہلا ٹیسٹ میچ اہم ہے، ہم اچھی شروعات پر توجہ دے رہے ہیں۔


Share: