کانپور،25جنوری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز میں وراٹ کوہلی کی قیادت والی ٹیم انڈیا کی شاندار کارکردگی کے درمیان دونوں ممالک کے درمیان ٹی 20سیریز کل جمعرات سے یہاں شروع ہونے جا رہی ہے۔ٹی 20سیریز کا پہلا مقابلہ جمعرات کو کانپور کے گرین پارک میں کھیلا جائے گا۔ظاہر ہے کہ ٹیسٹ اور ون ڈے کی کارکردگی کے بعد ٹیم انڈیا اعتماد سے بھری ہے لیکن وہ مہمان ٹیم کو نظر انداز کرنے کا خطرہ نہیں لے سکتی۔ٹی 20کے لئے منتخب کی گئی ہندوستانی ٹیم میں کئی نوجوان کھلاڑی شامل ہیں لیکن سب سے زیادہ نگاہ بائیں ہاتھ کے بلے باز رشبھ پنت پر ٹکی ہوں گی۔اس کے پیچھے وجہ بھی ہے، رنجی ٹرافی میں زوردار مظاہرہ کرنے والے دہلی کے رشبھ پنت نے انگلینڈ کے خلاف پریکٹس میچ میں 36گیندوں پر 59رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی جس میں آٹھ چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔اپنی اس اننگز کے بعد 19سال کے رشبھ کرکٹ کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں اور بائیں ہاتھ کے اس بلے باز کوحتمی الیون میں جگہ ملنے کی امید لگائے ہیں۔
ہندوستان نے ون ڈے سیریز کے مقابلے میں ٹی 20کے لئے مختلف ٹیم منتخب کی ہے، اس میں نوجوان مندیپ سنگھ، یجوندر چہل، اور رشبھ پنت کے علاوہ پرویز رسول، سریش رائنا اور آشیش نہرا جیسے کھلاڑی بھی شامل ہیں۔اسٹار اسپنر روی چندرن اشون اور روندر جڈیجہ کو آرام دیا گیا ہے،جن کھلاڑیوں کو ابھی ٹیم میں اپنی جگہ پکی کرنی ہے ان میں سے سب سے زیادہ توجہ پنت اورپرویز رسول پر ہے۔انہوں نے گھریلو سیشن میں شاندار کارکردگی کے دم پر پہلی بار قومی ٹیم میں جگہ بنائی ہے۔دہلی کے اس وکٹ کیپر بلے باز نے گزشتہ سال انڈر 19ورلڈ کپ میں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔
ٹی 20ٹیم میں شکھر دھون کے نہ ہونے سے لوکیش راہل کے ساتھ پنت اور مندیپ سنگھ میں سے کسی ایک کو اننگز کا آغاز کرنے کے لئے منتخب کیا جا سکتا ہے۔پنت کی حالیہ شاندار کارکردگی کو دیکھتے ہوئے انہیں موقع ملنے کا امکان زیادہ ہے۔مندیپ بھی انگلینڈ کے خلاف پہلے پریکٹس میچ میں کھیلے تھے لیکن کوئی خاص کارکردگی نہیں کر پائے ہیں۔کپتان وراٹ کوہلی، یوراج سنگھ اور مہندر سنگھ دھونی کا تیسرے، چوتھے اور پانچویں نمبر پر بلے بازی کرنے کا فیصلہ ہے اور ایسے میں رینا کو چھٹے نمبر کے لئے منیش پانڈے سے چیلنج مل سکتا ہے۔چھوٹے فارمیٹ کے شاندار بلے باز رائنا پر اس لیے بھی دباؤ ہے کیونکہ کیدار جادھو جیسے کھلاڑی مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔جادھو نے ون ڈے سیریز میں بہترین بلے بازی کی اور انہیں مین آف دی سیریز منتخب گیا تھا۔
یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ کوہلی بولنگ میں کس طرح کے کامجموعے کے ساتھ اترتے ہیں۔تیز گیند بازی کے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا نے ون ڈے سیریز میں اپنا اثر چھوڑا تھا اور ان کی موجودگی سے ٹیم میں توازن بھی پیدا ہوتا ہے۔تیز گیند بازی کا ذمہ جسپریت بمراہ، بھونیشور کمار اور عمردراز نہرا پر رہے گا۔نہرا نے گزشتہ سال آئی پی ایل کے بعد مسابقتی کرکٹ نہیں کھیلی ہے، انہوں نے اس کے بعد گھٹنے کا آپریشن کروایا تھا۔اسپن اٹیک میں دیکھنا ہوگا کہ کوہلی پارٹ ٹائم اسپنروں پر اعتماد ظاہر کرتے ہیں یا دو ماہر اسپنروں کو لے کر اترتے ہیں۔ان کے پاس مشرا اور چہل کے طور پر لیگ سپن کے دو اچھے متبادل ہیں جبکہ پرویز رسول ٹیم میں شامل واحد آف اسپنر ہیں۔اسپن بولنگ میں پچ کے لحاظ سے ایک لیگ اسپنر اور ایک آف اسپنر کو ٹیم میں جگہ مل سکتی ہے۔ویسے بھی رسول کے ساتھ پلس پوائنٹ یہ ہے کہ وہ اچھی بلے بازی بھی کر لیتے ہیں۔
اوس سے بچنے کیلئے میچ شام چار بجکر 30منٹ پر شروع ہو جائے گا اور امید کی جا رہی ہے کہ ون ڈے سیریز کی طرح اس میں بھی رنز کا انبار لگے گا۔مہمان انگلینڈ ٹیم کے لحاظ سے بات کریں تو کولکاتہ میں تیسرے اور آخری ون ڈے میں جیت سے اس کے حوصلے میں کچھ اضافہ ہوا ہے۔ٹی 20سیریز بھی اگرچہ ون ڈے کی طرح کافی قریبی رہنے کا امکان ہے۔انگلینڈ کو سلامی بلے باز جیسن رائے سے اچھی شروعات کی امید رہے گی جنہوں نے مسلسل تین نصف سنچری جمائی تھی۔کپتان ایون مورگن نے بھی فارم میں واپسی کر لی ہے۔بولنگ اٹیک میں تیز گیند باز جیک بال اور ڈیوڈ ولی نے ٹکڑوں میں اچھی کارکردگی کی ہے اور مورگن ان سے مسلسل ایسی کارکردگی کی توقع کر رہے ہوں گے۔ٹیم اس طرح ہے:ہندوستان:وراٹ کوہلی (کپتان)، لوکیش راہل، رشبھ پنت، مندیپ سنگھ، یوراج سنگھ، مہندر سنگھ دھونی، سریش رینا، منیش پانڈے، ہاردک پانڈیا، پرویز رسول، امت مشرا، یجوندر چہل، بھونیشور کمار، آشیش نہرا اور جسپریت بمراہ۔انگلینڈ:ایون مورگن (کپتان)، معین علی، جیک بال، سیم بلنگس، جوس بٹلر، لیام ڈاوسن، جونی بییرسٹ، کرس اردن، ٹامل ملز، لیام پلنکٹ، عادل رشید، جو روٹ، جیسن رائے، بین اسٹوکس اور ڈیوڈ ولی۔