نئی دہلی، 4/مئی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)مدھیہ پردیش کے مشہور ویاپم گھوٹالہ معاملے میں سی بی آئی نے سپریم کورٹ میں حلف نامہ داخل کرکے کہا ہے کہ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان پر جھوٹے دستاویزات کے ذریعے الزام لگائے گئے ہیں۔وہسل بلور پرشانت پانڈے کی درخواست پر سی بی آئی نے کہا کہ پرشانت پانڈے نے جو پن ڈرایو سونپا تھا، اس کے ڈیٹا فرضی ہیں۔سی بی آئی نے کہا ہے کہ جھوٹے الزامات لگانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔پرشانت پانڈے نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ ہارڈ ڈسک کی ایکسس شیٹ میں وزیر اعلی کا نام تھا جو کہ بعد میں فرضی طریقے سے ہٹا دیا گیا۔غورطلب ہے کہ گزشتہ سال 15/دسمبر کو سی بی آئی نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ کمپیوٹر کے ہارڈ ڈسک میں ویاپم سے متعلق ڈیٹا سے کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں ہوئی ہے۔اس رپورٹ کو دیکھنے کے بعد سپریم کورٹ نے کانگریس لیڈر دگ وجے سنگھ کی درخواست کو مسترد کر دیا تھا۔دگ وجے سنگھ کے علاوہ آشیش چترویدی، ڈاکٹر آنند رائے اور پرشانت پانڈے نے عرضی دائر کی تھی۔