نئی دہلی، 10/فروری (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)سوشل میڈیا میں بی ایس ایف میں خراب کھانے کی بات لوگوں کے سامنے لانے والے بی ایس ایف جوان تیج بہادر کے لاپتہ ہونے کی خبروں کو لے کر دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے وزیر اعظم نریندر مودی پر حملہ بولا ہے۔انہوں نے سوال کیا ہے تیج بہادر کہاں ہیں؟۔وہیں دہلی ہائی کورٹ بی ایس ایف کے اس لاپتہ جوان کو تلاش کرنے کا مطالبہ کرنے والی عرضی پر آج سماعت کے لیے تیار ہو گیا، جس نے ویڈیو پوسٹ کر کے جوانوں کو دئیے جانے والے کھانے کے خراب معیار کا الزام لگایا تھا۔بی ایس ایف جوان کی بیوی نے دہلی ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرکے دعوی کیا کہ ان کے شوہر لاپتہ ہیں اور گزشتہ تین دنوں سے خاندان کے رکن ان سے رابطہ نہیں کر پا رہے ہیں۔غورطلب ہے کہ بی ایس ایف جوان تیج بہادر یادو نے 9/جنوری کو فیس بک پر ایک ویڈیو پوسٹ کیا تھا،ویڈیو میں اس نے جوانوں کو مبینہ طور پر دئیے جانے والے کھانے کو دکھایا تھا۔یادونے دال میں صرف ہلدی اور نمک ہونے کا دعوی کیا تھا، اس نے ساتھ ہی کہا تھا کہ انہیں جلی ہوئی روٹی دی جاتی ہے۔انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان سے ملحقہ کنٹرول لائن سمیت کئی مقامات پر اس قسم کا کھانا دیا جاتا ہے اور کئی بار جوانوں کو بھوکے پیٹ بھی سونا پڑتا ہے۔ویڈیو کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد وزیر اعظم کے دفتر نے مرکزی وزارت داخلہ اور بی ایس ایف سے معاملے کی تفصیلی رپورٹ طلب کی تھی۔اس کے بعد صحیح طریقے سے کھانا پکائے جانے اور ان کی صحیح تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے حکومت کو اعلی افسران کی تعیناتی کی ہدایت دینے کے مطالبہ کو لے کر دہلی ہائی کورٹ میں ایک درخواست دائر کی گئی۔اس درخواست کو دائر کئے جانے کے محض ایک ماہ کے اندر یادو کی بیوی شرمیلا اور اس کے خاندان نے دعوی کیا ہے کہ فوجی لاپتہ ہے اور وہ اس سے رابطہ نہیں ہو پا رہا ہے۔