ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / وزیر اعظم یا وزیر اعلیٰ بدلنے سے نہیں، تعلیم سے ملک بدلے گا:منیش سسودیا

وزیر اعظم یا وزیر اعلیٰ بدلنے سے نہیں، تعلیم سے ملک بدلے گا:منیش سسودیا

Sat, 31 Dec 2016 22:40:45    S.O. News Service

نئی دہلی، 31دسمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ملک کوبدلنے کے لئے تعلیم کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے دہلی کے نائب وزیر اعلی اور وزیر تعلیم منیش سسودیا نے آج یہاں کہا کہ وزیر اعظم یا وزیر اعلی بدلنے سے ملک کی صورت نہیں بدلے گی، بلکہ تعلیم کے فروغ سے ہی ملک میں غیرمعمولی تبدیلی آ سکتی ہے۔سسودیا نے یہ بھی کہا کہ پل اور عمارتیں بنانا ہی ترقی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ دارالحکومت کے سرکاری اسکولوں میں پڑھنے والے تقریبا 16لاکھ طالب علموں کو ان کی قابلیت اور اعتماد کے ساتھ کھڑا کرنا دہلی حکومت کا خواب ہے۔وہ ”امریکی فیڈریشن آف مسلمس آف انڈین آرجن“کی دو روزہ 25ویں تعلیمی کانفرنس میں بول رہے تھے۔اس کانفرنس میں ہندوستان کی مختلف ریاستوں کے ان 135طالب علموں کو ایوارڈاورانعام ملا جنہوں نے 10ویں اور 12ویں کلاس میں اعلی نمبرات حاصل کئے ہیں۔سسودیا نے کہا کہ تعلیم کے بغیر ملک کو تبدیل نہیں کیا جا سکتا،بھلے ہی آپ وزیر اعظم بدل دیجئے، وزیر اعلی بدل دیجئے یا پارٹی بدل دیجئے، اگر تعلیم نہیں ہوگی تو یہ ملک نہیں بدلا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ اکثر یہ سوال آتا ہے کہ آپ لوگ دارالحکومت میں سرمایہ کاری نہیں کرتے ہیں تو میں بار بار پوچھتا ہوں کہ اسکول کیپٹل سرمایہ کاری ہے یا نہیں۔انہوں نے کہا کہ بڑے بڑے پل بنانا اور عمارتوں بنانا ہی ترقی نہیں ہے۔سابق چیف الیکشن کمشنر ایس وائی قریشی نے کہا کہ مسلمانوں کی مذہبی کتاب میں سب سے زیادہ زور تعلیم پر دیا گیا ہے جبکہ لوگ اس بات کو نہیں سمجھتے۔


Share: