بھٹکل 27 مئی (ایس او نیوز) کرناٹک کی کابینہ میں شامل ہونے اور وزارت پانے کے بعد سب سے پہلے ساحل آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے بھٹکل رکن اسمبلی منکال وئیدیا نے کہا کہ بھٹکل کے سابق وزیر ایس ایم یحیٰ کے انتقال کے لگ بھگ چالیس سال بعد مجھے ریاست کی کابینہ میں شامل ہوکر بھٹکل کے عوام کی نمائندگی کرنے کا موقع ملا ہے اوراس مرحلے میں میں بے حد خوشی محسوس کررہا ہوں۔
بینگلور میں وزارت کا حلف لینے کے بعد منکال وئیدیا ، کینرا مسلم خلیج کونسل کے صدر جناب یونس قاضیا کے ہمراہ بھٹکل مسلم جماعت بینگلور کے زیر اہتمام چلنے والے ایس ایم یحیٰ میموریل ہوسٹل پہنچے اور جماعت کے ذمہ داران سے ملاقات کی۔
اس موقع پر بھٹکل مسلم جماعت بینگلور کی طرف سے منکال وئیدیا کی تہنیت کی گئی اور وزارت ملنے پر خوشی کا اظہار کیا گیا۔ جماعت نے اپنی جانب سے منکال وئیدیا کو ہرطرح کے تعاون کے پیش کش کی ۔ منکال وئیدیا نے جماعت کے ذمہ داران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنی جیت کے لئے مجلس اصلاح و تنظیم کے تعاون کا تذکرہ کیا اور بھٹکلی عوام بالخصوص جناب یونس قاضیا کے تعاون پر بھی شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ بھٹکل والوں نے مجھے بھاری اکثریت سے جیت دلائی ہے اور میں اب اس بات کا پابند ہوں اور یقین دلاتا ہوں کہ بھٹکل کی ترقی کے لئے میں اپنی جانب سے ہرممکن کوشش کروں گا۔
موقع پر موجود ساحل آن لائن کے نمائندہ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے منکال وئیدیا نے کہا کہ تعلیم کو عام کرنا میری اولین ترجیح ہے، میں چاہتا ہوں کہ بھٹکل کا کوئی بھی فرد تعلیم سے محروم نہ ہونے پائے، بھٹکل کے طلبہ کو تعلیم کے میدان میں آگے بڑھانے کے لئے میں ہر طرح کی مدد کرنے تیار ہوں۔ منکال وئیدیا نے کہا کہ بھٹکل میں امن و امان کو قائم رکھنا، مختلف ذات اور فرقوں کو ایک دوسرے کے قریب لانا اور تمام لوگوں کو متحد رکھنا میری ترجیحات میں سے ہے۔انہوں نے بھٹکل کے مسائل کی طرف توجہ دینے اور اسے حل کرنے میں بھی ہرممکن کوشش کرنے کا یقین دلایا۔
بھٹکل مسلم جماعت کے صدر ایس ایم آفتاب، سابق صدر جناب نظام الدین صدیق، جنرل سکریٹری فیضان برماور، جوائنٹ سکریٹری ابوبکر صدیق رکن الدین، انڈین نوائط فورم کے جوائنٹ سکریٹری معاذ جوکاکو، سیفان شینگری، نجیب دامودی، عبدالمعز کاڈلی و دیگر کافی ذمہ داران موجود تھے۔