ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / ناقص فیلڈنگ اور ڈیوڈ وارنر ہماری شکست کی اصل وجہ ہیں:مکی آرتھر

ناقص فیلڈنگ اور ڈیوڈ وارنر ہماری شکست کی اصل وجہ ہیں:مکی آرتھر

Fri, 27 Jan 2017 21:15:14    S.O. News Service

ایڈلیڈ 27جنوری(ایس  اونیوز/آئی این ایس انڈیا)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ مکی آرتھر نے کرکٹ آسٹریلیا کی ویب سائٹ پر دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ دورہ آسٹریلیا میں مکمل ناکامی کی اصل وجہ ٹیم کی ناقص فیلڈنگ اور آسٹریلوی بلے باز ڈیوڈ وارنر کی شاندار کارکردگی ہے۔پاکستان ٹیم کا حالیہ دورہ آسٹریلیا ناکامی کا ایک نہ تھمنے والے سلسلہ تھا جہاں آٹھ میچوں میں سے پاکستان کو سات میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔فیلڈنگ کا شعبہ کبھی بھی پاکستان کا خاصہ نہ تھا لیکن سڈنی میں کھیلے گئے ایک روزہ میچ میں شرمناک حد تک خراب فیلڈنگ پاکستانی کوچ کے لیے بہت تکلیف دہ تھی۔دوسری جانب ڈیوڈ وارنر کی برق رفتار بیٹنگ ان کے لیے پورے دورے میں درد سر بنی رہی۔ انھوں نے کہا کہ ڈیوڈ وارنر کی بیٹنگ اور ہماری خراب فیلڈنگ دونوں ٹیموں کے درمیان مرکزی فرق تھا۔ٹیسٹ میچوں میں تین صفر سے شکست اور ایک روزہ میچوں میں چار ایک سے شکست کے باوجود مکی آرتھر کو پاکستان کی بیٹنگ میں کچھ امید کی کرن نظر آئی۔روایتی طور پر ایشیائی اور بالخصوص پاکستانی بلے باز آسٹریلیا کی تیز پچوں پر ہمیشہ ناکام رہے ہیں لیکن اس دورے میں ٹیسٹ میچ، اور پھر ایک روزہ میچوں میں بابر اعظم اور شرجیل خان کی بیٹنگ نے پچھلے سات ماہ سے پاکستان کی کوچنگ کرنے والے آرتھر کو متاثر کیا۔

مکی آرتھر نے کہا کہ باؤلرز کی کارکردگی مجموعی طور پر مناسب رہی لیکن خراب فیلڈنگ کی وجہ سے وہ بہتر کارکردگی نہیں دکھا سکے۔آپ یقین کریں یا نہ کریں، ہم نے فیلڈنگ پرسب سے زیادہ دھیان دیا تھا۔ ہم سات مہینے سے ٹیم کے ساتھ محنت کر رہے ہیں تاکہ ان کی صحت، فٹنس اور فیلڈنگ میں بہتری آسکے لیکن کچھ درستگی کی باوجود حقیقت یہ ہے کہ ہم بقیہ ٹیموں کے مقابلے میں بہت پیچھے ہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ ہمارا اگلا دورہ ویسٹ انڈیز کا ہے اور ایک دفعہ پھر ہماری ساری توجہ فٹنس اور فیلڈنگ پر مرکوز ہوگی۔پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)ختم ہونے کے بعد ہم کیمپ لگائیں گے اور مزید محنت کریں گے۔یہاں آنے سے پہلے ہم بہت پر امید تھے کہ اچھا کھیل کے جائیں گے، خاص طور پر ٹیسٹ میچوں میں ہمیں بہت امیدتھی۔ البتہ ایک روزہ میچوں میں ہمیں بہت بہتری لانی ہے۔ ہم اس طرز کی کرکٹ میں آٹھویں درجے پر ہیں جبکہ آسٹریلیا پہلے درجے پر اور اس سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان فرق صاف ظاہر ہے۔مکی آرتھر نے پاکستان کی ہار پرمزیدتبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈنگ کے علاوہ دوسری بڑی مشکل ڈیوڈ وارنر کو قابو کرنا تھا جنھوں نے پاکستان کے تمام حربوں کو ناکام بناتے ہوئے ٹیسٹ میچوں میں 71کی اوسط کے ساتھ 356رنز سکور کیے، جن میں دو برق رفتار سنچریاں بھی شامل تھیں۔


Share: