مینگلور 6 فروری (ایس او نیوز) دکشن کنڑا کے سُولیا تعلقہ میں بی جے پی کے اندرونی اختلافات اُس وقت کھل کر سامنے آگئے جب سُولیا میں بی جے پی منڈل صدر کے طور پر وینکٹ ولالمبے کو منتخب کیا گیا۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق وینکٹ کو صدر منتخب کرنے پر ناراض بی جے پی کارکنوں نے اپنی ناراضگی کا اظہار کرنے کے لیے پارٹی دفتر کو ہی تالا لگا دیا ۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق ایس انگارا کو لوک سبھا ٹکٹ نہ دئے جانے کو لے کر پارٹی کارکنان میں پہلے ہی بے اطمینانی پھیلی ہوئی تھی، ایسے میں صدر کے عہدہ پر وینکٹ ولالمبے جنہوں نے پارٹی پالیسی سے اختلاف کی وجہ سے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا، اُنہیں دوسری بار سُلیا منڈل سمیتی کی قیادت کے سونپی گئی۔ کارکنوں نے پارٹی رہنماؤں پر اس بات کو لے کر بھی تنقید کا نشانہ بنایا کہ کور کمیٹی نے اپنی میٹنگ کے بعد جس اُمیدوار کا نام تجویز کیا تھا اُس کا تقرر نہیں کیا ۔
اختلافات اتوار کو ایک میٹنگ کے دوران اُس وقت سامنے آئے، جب میٹنگ میں پارٹی لیڈران اور بلاک کی مختلف کمیٹیوں کے عہدیدار موجود تھے۔
پتہ چلا ہے کہ اس سے قبل سُلیا منڈل کمیٹی نے صدر کے عہدے کے لیے ونئے ملوگاڈو کا نام تجویز کیا تھا۔ کارکنوں نے الزام لگایا کہ جس نے وقفے وقفے سے پارٹی کی طویل مدت تک خدمت کی ہے اسے نظر انداز کیا گیا ہے۔