مینگلور 8 جولائی (ایس او نیوز) مینگلور کے قریب سورتکل پولس تھانہ حدود کے ہونّا کٹّے سگنل پر رُکی ہوئی اومنی کار پر اچانک پیچھے سے آرہی لاری بے قابو ہوکر اُلٹ گئی جس کے نتیجے میں اومنی ڈرائیور کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی۔ ڈرائیور کی شناخت کُلائی گوکل نگر کے رہائشی لوکناتھ (38) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ حادثہ جمعہ کی دوپہر کو پیش آیا۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق لوکناتھ ماروتی اومنی پر مینگلور سے آتے ہوئے مینگلور ریفائنری اینڈ پیٹرو کیمکلس لمیٹیڈ (ایم آر پی ایل) کی طرف مُڑنے کے لئے سگنل پر رُک گیا تھا جس کے دوران اچانک پیچھے سے آرہی لاری سیدھے اومنی کار پر اُلٹ گئی۔ بتایا گیا ہے کہ کار کے آگے ایک بائک بھی سگنل پر رُکی تھی، لاری کار پر گرتے دیکھ کر بائک سوار بائک کو چھوڑ کر فوراً وہاں سے کنارے کی طرف بھاگ گیا اور لاری کی زد میں آتے آتے رہ گیا، البتہ اس کی بائک اس حادثہ کی زد میں آگئی اور بائک کو شدید نقصان پہنچا۔
بھاری بھرکم لاری اومنی پر گرنے سے اومنی بُری طرح کچل گئی اور اومنی کے پرخچے اُڑ گئے ۔ اطلاع ملتے ہی مقامی پولس جائے وقوع پر پہنچی اور کرین کی مدد سے لاری کو اومنی پر سے اُٹھایا گیا، مگر اُس وقت تک اومنی ڈرائیور کی موت واقع ہوچکی تھی۔