جدہ /بنگلورو21؍اگست(ایس اونیوز) امسال سفر حج بیت اﷲ کیلئے گرین زمرہ سے جانے والے عازمین حج کیلئے ایک پریشان کن اطلاع یہ ہے کہ سعودی حکام نے حرم شریف کے اطراف مرکزیہ علاقہ میں آنے والی تمام عمارتوں میں کسی بھی طرح کے پکوان کیلئے باورچی خانہ کے استعمال پر پابندی عائد کردی ہے۔ سعودی عرب کی وزارت حج اور بلدی حکام نے حرم شریف کے اطراف واکناف تمام عمارتوں میں گیس سلینڈر، اسٹو یا ہاٹ پلیٹ کا استعمال کرکے پکوان کرنے پر سخت پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔عموماً ہمیشہ گرین اور عزیزیہ زمرے میں جانے والے حجاج کرام کو ان کی عمارتوں میں 30؍ افراد کیلئے ایک باور چی خانے کا انتظام کیا جاتا ہے۔اس بار ہندوستانی قونصل برائے سعودی عرب نے اطلاع دی ہے کہ عزیزیہ زمرہ میں باورچی خانے کا انتظام حسب معمول رہے گا، لیکن گرین زمرے کے تحت چونکہ تمام عمارتیں مرکزیہ علاقہ میں آتی ہیں، اسی لئے وہاں باورچی خانے کا انتظام بالکل نہیں رہے گا۔ وزارت حج نے عمارتوں کے تمام مالکان کو متنبہ کیا ہے کہ اس پابندی کے باوجود بھی اگر کسی عمارت میں پکوان کرتے ہوئے پایا گیاتو عمارت کے مالک پر بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا اور سخت کارروائی بھی کی جائے گی۔اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے عمارتوں کے مالکان نے بھی خودبھی پابندی لگانے کی پہل کردی ہے۔ اس کی اطلاع جب ریاستی وزیر حج جناب روشن بیگ کو ملی تو انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ گرین زمرہ سے جانے والے عازمین کو اس طرح کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ عازمین گرین زمرہ کا انتخاب اس لئے کرتے ہیں کہ اس میں عمارتیں حرم شریف سے قریب ہوتی ہیں۔ تقریباً40 فیصد عازمین حج گرین زمرہ سے جاتے ہیں اور ان میں بہت بڑی تعداد معمر افراد کی ہوتی ہے۔ ان عازمین کیلئے اگر مکہ مکرمہ میں کچن کی سہولت نہ رہی تو ان کی پریشانیاں اور بڑھ جائیں گی۔ اس کی اطلاع ملتے ہی جناب روشن بیگ نے سعودی سفیر برائے ہند سے بات چیت کی، اور ساتھ ہی ہندوستانی قونصل برائے سعودی عرب سے بھی تبادلۂ خیال کیا۔انہوں نے سعودی سفارت خانہ سے گذارش کی ہے کہ ہندستانی عازمین کو اس پابندی سے رعایت دی جائے۔اس ضمن میں جناب روشن بیگ نے وزیر خارجہ سشما سوراج اور مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی کے دفاتر سے بھی رابطہ کیا۔ کل وہ اس سلسلے میں دونوں وزراء سے بات چیت کریں گے۔ان کی کوشش ہے کہ کسی بھی طرح اس مسئلے کو سلجھا لیا جائے اور عازمین حج کو دوران سفر پکوان یا کسی بھی معاملے میں پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ یہ اطلاع حج کیمپ کے نوڈل آفیسر سید اعجاز احمد نے دی ہے۔