ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / موربی پل حادثہ: 7 ملزمین کی ضمانت عرضیوں کو عدالت نے کیا خارج، 135 افراد ہوئے تھے جاں بحق

موربی پل حادثہ: 7 ملزمین کی ضمانت عرضیوں کو عدالت نے کیا خارج، 135 افراد ہوئے تھے جاں بحق

Sat, 04 Feb 2023 21:42:16    S.O. News Service

موربی، 4؍فروری (ایس او نیوز؍ایجنسی) گجرات کے مشہور موربی پل حادثہ میں گرفتار سات لوگوں کی ضمانت عرضیوں کو ایک مقامی عدالت نے خارج کرنے کا فیصلہ سنا دیا ہے۔ ہفتہ کے روز پرنسپل سیشن جج پی سی جوشی کی عدالت نے پل کے مینجمنٹ اور رکھ رکھاؤ کا ٹھیکہ پانے والی کمپنی اوریوا گروپ کے دو منیجرس سمیت سات ملزمین کو ضمانت دینے سے انکار کر دیا۔ قابل ذکر ہے کہ موربی پل حادثہ میں 135 افراد جاں بحق ہو گئے تھے اور اس معاملے میں ریاستی حکومت کو بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

دراصل مچھو ندی پر برطانوی دور کا جھولتا ہوا پل مرمت کے بعد پھر سے کھولے جانے کے کچھ ہی دنوں کے بعد 30 اکتوبر 2022 کو اس وقت ٹوٹ گیا تھا جب بڑی تعداد میں لوگ اس پر موجود تھے۔ اوریوا گروپ کے منیجنگ ڈائریکٹر جے سکھ پٹیل کو بھی کئی لوگوں کے ساتھ اس معاملے میں ملزم بنایا گیا ہے۔ جے سکھ پٹیل نے گزشتہ یکم فروری کو مقامی عدالت میں خود سپردگی کی تھی جس کے بعد انھیں گرفتار کر لیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ موربی پولیس نے گزشتہ ہفتہ موربی پل حادثہ معاملہ میں فرد جرم داخل کی تھی۔ اس معاملے میں پٹیل سمیت اب تک 10 لوگوں کی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔ گرفتار کیے گئے دیگر 9 لوگوں میں کمپنی کے دو منیجر، دو ٹکٹ بکنگ کلرک، تین سیکورٹی گارڈ اور دو نائب ٹھیکیدار شامل ہیں جو کہ اوریوا گروپ کے ذریعہ مرمتی کام میں شامل تھے۔ ان 9 لوگوں کی ضمانت عرضیاں قبل میں گجرات ہائی کورٹ اور سیشن کورٹ نے خارج کر دی تھیں۔ دو نائب ٹھیکیداروں کو چھوڑ کر دیگر سات لوگوں نے جمعرات کو ایک بار پھر ضمانت کے لیے عدالت کا رخ کیا تھا، لیکن اب ان سبھی کی عرضیاں خارج کر دی گئی ہیں۔


Share: