جموں،24/جون (ایس او نیوز/ایجنسی) مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جموں و کشمیر کے دو روزہ دورے پر ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ مودی حکومت کے 9 سال میں بدعنوانی کا کوئی الزام نہیں ہے۔ ملک مسلسل ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نےکہا کہ کئی سالوں تک جموں و کشمیر پر تین خاندانوں کی حکومت رہی۔ مزید کہا کہ مودی حکومت نے ملک میں بدعنوانی کو ختم کرنے کے لئے ایک مضبوط بنیاد رکھی ہے، جبکہ پچھلی متحدہ ترقی پسند اتحاد (یو پی اے) حکومت 12 لاکھ کروڑ روپے کیے میں ملوث تھی۔ شاہ نے نیشنل کانفرنس (این سی )، پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی ) اور کانگریس کو بھی شدید نشانہ بناتے ہوئے سوال کیا کہ جموں و کشمیر میں دہشت گردی سے 42 ہزار لوگوں کی موت کی ذمہ داری کون لے گا؟وزیر داخلہ کے مطابق مودی حکومت نے یو پی اے حکومت کی جگہ لے لی ہے، جو 12 لاکھ کروڑ روپے کے گھوٹالوں میں ملوث تھی، اور وزیر اعظم نے بدعنوانی سے پاک ہندوستان کی مضبوط بنیاد رکھی۔
ان کے مطابق تین خاندانوں نے مل کر جموں و کشمیر پر کئی دہائیوں تک حکومت کی، لیکن آرٹیکل 370 کی وجہ سے کوئی ترقی نہیں ہوئی۔ دہشت گردی کی وجہ سے کم از کم 42 ہزار لوگ مارے گئے اور وہ کہہ رہے ہیں کہ ہمیں آرٹیکل 370 کی حفاظت کرنی چاہیے تھی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ وزیر اعظم مودی کے دور حکومت میں دہشت گردی کے خلاف کریک ڈاؤن سخت کیا گیا تھا۔