ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / مودی کے ’رین کوٹ‘ والے تبصرے پر دونوں ایوانوں میں اپوزیشن کا ہنگامہ

مودی کے ’رین کوٹ‘ والے تبصرے پر دونوں ایوانوں میں اپوزیشن کا ہنگامہ

Thu, 09 Feb 2017 22:44:58    S.O. News Service

نئی دہلی، 9/فروری (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)وزیر اعظم نریندر مودی کی سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ پر ’رین کوٹ‘والے تبصرے پر جمعرات کو کانگریس نے دونوں ایوانوں میں جم کر ہنگامہ کیا۔کانگریس نے وزیر اعظم مودی سے اس معاملے پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔لوک سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر ملکا ارجن کھڑگے نے مودی کے برساتی والے بیان پر کہا کہ یہ بہت ہی افسوس ناک بات ہے کہ وزیر اعظم  مودی نے سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کے خلاف ایسی زبان کا استعمال کیا، میں ان کے بیان کی مذمت کرتا ہوں۔ادھر راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے نائب لیڈر آنند شرما نے کہا کہ یہ افسوس کا موضوع ہے کہ وزیر اعظم مودی نے کچھ کتابوں کا حوالہ دیتے ہوئے سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کی توہین کی ہے اور کتاب کو ایوان کے سامنے رکھا بھی نہیں۔کانگریس لیڈر احمد پٹیل نے کہا کہ ایک جیسی سوچ رکھنے والی پارٹیوں کے ساتھ ملاقات کر کے وہ حکومت کو ایوان میں گھیرنے کی حکمت عملی بنائیں گے، اسی سلسلے میں ایوان کی کارروائی شروع ہونے سے پہلے پارلیمنٹ ہاؤس میں واقع کانگریس لیڈر غلام نبی آزاد کے دفتر پر اپوزیشن رہنماؤں کی میٹنگ بھی ہوئی۔اس کے بعد جمعرات کوسی پی ایم لیڈر سیتارام یچوری نے یہ معاملہ راجیہ سبھا میں اٹھایا۔انہوں نے اس تبصرہ کوسابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کے لیے توہین آمیز بتایا اور اس پر بحث کا مطالبہ کیا۔دوسری طرف حکومت کی جانب سے وزیر خزانہ جیٹلی نے کہا کہ وزیر اعظم کو جواب دینے کا حق ہے۔اپوزیشن کے ہنگامے کی وجہ سے لوک سبھا کی کارروائی 11:30بجے تک اور راجیہ سبھا کی کارروائی دوپہر 2بجے تک کے لیے ملتوی کر دی گئی۔
غور طلب ہے کہ وزیر اعظم مودی نے راجیہ سبھا میں یو پی اے حکومت میں ہوئی بدعنوانی کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ باتھ روم میں برساتی پہن کر نہانے کا فن صرف ڈاکٹر صاحب (منموہن سنگھ)جانتے ہیں۔مودی نے کہا تھاکہ ڈاکٹر منموہن سنگھ کا تقریبا 30-35سالوں سے ہندوستان کے اقتصادی فیصلوں کے ساتھ براہ راست تعلق رہا ہے، اتنے گھوٹالے سامنے آئے، لیکن منموہن سنگھ پر داغ تک نہیں لگا۔مودی نے نوٹ بند ی پر کہاکہ مسز اندراجی کے وقت میں کمیٹی نے نوٹ بند ی کے بارے میں بتایا تھا۔وزیر اعظم کے اسی بیان کے بعد راجیہ سبھا میں کچھ دیر تک ہنگامہ ہوا،جس کے بعد کانگریس اور سماج وادی پارٹی کے ممبران پارلیمنٹ ایوان سے واک آؤٹ کرگئے تھے۔دوسری طرف اے آئی ایم آئی ایم کے چیف اسد الدین اویسی نے ٹوئٹر پر راہل گاندھی پر ان کے وزیر اعظم کو لے کر دئیے گئے بیان پر نشانہ سادھا۔راہل گاندھی نے برساتی والے تبصرہ کی تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ مودی نے منموہن سنگھ جی کی توہین کی ہے، اس پر اویسی نے کہاکہ منموہن سنگھ کی قیادت والی حکومت ہند کی طرف سے جاری آرڈیننس کو پھاڑنے سے کیا سابق وزیر اعظم منموہن کے وقار کو ٹھیس نہیں پہنچی تھی۔
 


Share: