نئی دہلی، 27/جنوری (ایس او نیوز/ایجنسی) حکام نے اطلاع دی ہے کہ ای ڈی نے منی لانڈرنگ کیس میں ہیمنت سورین کو نیا سمن جاری کیا ہے اور انہیں ہدایت دی ہے کہ وہ اگلے ہفتے تفتیش میں تعاون کریں۔ سورین سے یاتو ۲۹؍ جنوری یا ۳۱؍ جنوری کو پیش ہونے کو کہا گیاہے۔ واضح رہے کہ مرکزی تفتیشی ایجنسی نے اس سے پہلے جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ کو ۲۷؍ جنوری تا ۳۱؍ جنوری کے درمیان کبھی بھی پیش ہونے کی ہدایت دی تھی ۔ ای ڈی نے پہلی مرتبہ اس معاملے میں ۲۰؍ جنوری کو جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ کا بیان لیا تھا جب انہوں نے رانچی میں ان کے گھر پر چھاپہ مارا تھا۔ یہ بیان پی ایم ایل اے کے تحت درج کیا گیا تھا ۔ تقریباً ای ڈی کے حکام نے سورین کے گھر پر تفتیش کیلئے ۷؍ گھنٹے لئے تھے۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ اس دن تفتیش مکمل نہیں ہوئی تھی اس لئےای ڈی نے ہیمنت سورین کو طلب کیا ہے تا کہ وہ اپنی تفتیش مکمل کر سکے۔ ای ڈی نے ا س معاملے میں اب تک ۱۴؍ افراد کو گرفتار کیا ہے جن میں ۲۰۱۱ء کے بیچ کی آئی اے ایس آفیسر چھاوی رنجن بھی شامل ہیں جنہوں نے ریاستی سوشل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ اور ڈپٹی کمشنر آف رانچی کے طور پر اپنی خدمات انجام دی تھیں۔