ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہلیال میں مشتبہ دیسی بم کا دھماکہ، مکان کو نقصان؛ مالک فرار

ہلیال میں مشتبہ دیسی بم کا دھماکہ، مکان کو نقصان؛ مالک فرار

Mon, 22 Jun 2026 20:13:49    S O News
ہلیال میں مشتبہ دیسی بم کا دھماکہ، مکان کو نقصان؛ مالک فرار

بھٹکل 22/جون (ایس او نیوز) : ضلع اُترکنڑا کے ہلیال تعلقہ کے کلگین کوپّا گاؤں میں پیر کی علی الصبح ایک مکان میں ذخیرہ کی گئی مشتبہ دھماکہ خیز شئے کے پھٹنے سے مکان کو نقصان پہنچا، تاہم اس واقعے میں کوئی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔

پولیس کے مطابق کلگین کوپّا کے رہائشی واسودیو کے مکان میں رکھی گئی ایک مشتبہ دیسی بم نما شئے اچانک زور دار دھماکے کے ساتھ پھٹ گئی۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ مکان کی اینٹوں سے بنی دیوار کا ایک حصہ منہدم ہوگیا، جبکہ اطراف کے چند مکانات کی دیواروں میں دراڑیں پڑ گئیں اور بعض کھڑکیوں کو بھی نقصان پہنچا۔

دھماکے کی زوردار آواز سے پورے گاؤں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور مقامی باشندے گھروں سے باہر نکل آئے۔ خوش قسمتی سے واقعے کے وقت کوئی شخص دھماکے کی زد میں نہیں آیا۔

ذرائع کے مطابق دھماکے کے بعد مکان کا مالک واسودیو کرور جائے وقوع سے فرار ہوگیا۔ پولیس کو شبہ ہے کہ مکان میں مزید دھماکہ خیز مواد یا جیلاٹین کی سلاخیں موجود ہوسکتی ہیں، جس کے پیش نظر پولیس نے موقع پر پہنچ کر علاقے کا معائنہ کیا، جبکہ بم ناکارہ بنانے والے دستے کو بھی طلب کیا گیا ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ہلیال پولیس نے جائے وقوع کا معائنہ کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ پولیس اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ دھماکے کی اصل وجہ کیا تھی اور مشتبہ دیسی بم یا جیلاٹین کی سلاخیں مکان میں کس مقصد کے لیے ذخیرہ کی گئی تھیں۔


Share: