منگلورو،12؍ ستمبر (ایس او نیوز) تھوکٹو میں کلّا پو میں نیشنل ہائی وے 66 پر پیش آئے سلسلہ وار سڑک حادثے میں موٹر گاڑیوں کو نقصان پہنچنے کے علاوہ کئی افراد زخمی ہوگئے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق تھوکٹو سے منگلورو کی طرف جا رہی ایک انووا کار کے ڈرائیور نے دوسری گاڑی کو اوور ٹیک کرنے کے لئے اچانک اپنی گاڑی بائیں طرف موڑ دی ۔ اس وقت پیچھے سے آ رہی خواتین اور بچوں سے بھری ہیونڈائی کار نے تصادم سے بچنے کے لئے اچانک زوردار بریک لگائے جس کی وجہ سے وہ پوری طرح یوٹرن کرتے ہوئے قریب سے گزرتے ہوئے ایک اسکوٹر اور سڑک کنارے پارک کی گئی سووفٹ کار سے ٹکرا گئی۔
اس تصادم میں ترون نامی اسکوٹر سوار، سینٹ ایلوشیئس کالج میں زیر تعلیم ہیونڈائی کار کا ڈرائیور امرت کے علاوہ کار میں موجود خواتین اور بچے زخمی ہوگئے ۔ اسی دوران تصادم کا سبب بننے والی انووا کار موقع پر سے فرار ہوگئی ۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے طالب علموں سے بھری انووا کار کی تیز رفتاری کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔
منگلورو ساوتھ ٹریفک پولیس کے اہلکاروں نے جائے وقوع پر پہنچ کر معائنہ کیا ۔ مزید تحقیقات جاری ہے۔