منگلورو 17/ جون (ایس او نیوز) جنوبی کینرا میں فرقہ وارانہ انتقام کی وجہ سے قتل کیے گئے چار افراد کے اہل خانہ کو معاوضہ کے طور ریاستی حکومت نے فی کس 25 لاکھ روپے جاری کرنے کا اعلان کیا ہے ۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال فرقہ وارانہ شدت پسندوں نے 2022 میں 19جولائی کو مقصود بیلارے ، 28 جولائی کو محمد فاضل اور 24 دسمبر کو عبدالجلیل کو قتل کیا تھا ۔ اس کے علاوہ 3 دسمبر 2018 میں کاٹیپلّا کے دیپک راو کا قتل ہوا تھا ۔
اس سے قبل جب بی جے پی برسر اقتدار تھی تو ان مقتولین کے لئے بار بار معاوضہ کا مطالبہ کیا گیا تھا مگر حکومت نے اس پر توجہ دینے کی ضرورت محسوس نہیں کی تھی ۔
اب کانگریسی حکومت نے وزیر اعلیٰ راحت رسانی فنڈ سے معاوضہ جاری کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ ریاستی حکومت کی طرف سے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نے معاوضہ کے لئے جو درخواست دی تھی اس پر کارروائی کرتے ہوئے انٹرنل ایڈمنسٹریشن شعبہ کی جانب سے یہ رقم جاری کی جائے گی ۔ مقتولین کے اہل خانہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ معاوضہ کی رقم کا چیک 19 جون کو متعلقہ شعبہ سے حاصل کریں ۔