جونپور،29اپریل(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا) سماج وادی پارٹی کے لیڈر شیوپال سنگھ یادو نے کہا ہے کہ قومی صدر اکھلیش یادو کو اب پارٹی کی کمان ایس پی بانی ملائم سنگھ یادو کو سونپ دینی چاہئے۔شیو پال نے یہاں صحافیوں سے کہاکہ قومی صدر اکھلیش یادو نے کہا تھا کہ تین ماہ کے بعد پارٹی کی کمان ایس پی سربراہ ملائم سنگھ یادو کو سونپ دیں گے۔ ایسے میں انہیں اب اپنا وعدہ پورا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی جو حالت ہوئی تھی، اس کا اندازہ ان سے پہلے ہی ہو گیا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ بار بار وہ پارٹی کی کمان ملائم سنگھ یادو کو سونپنے کی بات کہہ رہے تھے۔جب 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کی حکمت عملی پر سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ آنے والا وقت ہی بتائے گا کہ پارٹی میں کیا ہوگا؟ ریاست کی بی جے پی حکومت کے بارے میں پوچھنے پر شیو پال نے کہا کہ یوگی آدتیہ ناتھ حکومت کے بارے میں ابھی وہ کچھ نہیں بولیں گے، کم از کم6 ماہ تک بی جے پی کی حکومت کا کام دیکھا جائے گا، اس کے بعد ہی آگے کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔