جموں، 31دسمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)بی جے پی نے جموں و کشمیر میں رہنے والے مغربی پاکستانی پناہ گزینوں کو بنیادی رہائش گاہ سرٹیفکیٹ جاری کئے جانے کی مخالفت کرنے کو لے کر حریت کانفرنس اور دیگر مخالف سیاسی جماعتوں کی مذمت کی اور یہ کہا کہ وہ ان پناہ گزینوں کے حقوق کی حمایت کرنا جاری رکھے گی۔بی جے پی کی ریاستی یونٹ کے ترجمان بریگیڈیئر(ریٹائرڈ)انل گپتا نے کہا کہ مغربی پاکستانی پناہ گزینوں کو بنیادی رہائش گاہ سرٹیفکیٹ جاری کئے جانے کی حریت اور دوسرے علیحدگی پسندوں کی جانب سے مخالفت کرنا بہت افسوس ناک، ناپسندیدہ اور غیر ضروری ہے۔بی جے پی ایک انسانی مسئلے پر سیاست کرنے کی پاکستان کے حامی عناصر کی کوششوں کی سخت مخالفت کرتی ہے۔انہوں نے حریت اور سیاسی جماعتوں کے رخ کی مذمت کی اور کہا کہ یہ بات زیادہ پریشان کرنے والی ہے کہ یہ پناہ گزین اقتصادی طور پر پسماندہ ہیں اور ان کو ترقی کا موقع نہیں ملا جس میں ان کی کوئی غلطی نہیں ہے۔گپتا نے کہا کہ آزادی کے70سال بعد بھی ان لوگوں کے ساتھ اس طرح کا سلوک ہو رہا ہے۔