ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / مشال قتل معاملہ:پاکستانی پارلیمنٹ توہینِ رسالت کے قانون کا غلط استعمال روکنے کے لیے پرعزم

مشال قتل معاملہ:پاکستانی پارلیمنٹ توہینِ رسالت کے قانون کا غلط استعمال روکنے کے لیے پرعزم

Tue, 18 Apr 2017 18:38:36    S.O. News Service

اسلام آباد، 18/اپریل (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)پاکستان کی قومی اسمبلی نے صوبہ خیبرپختونخواہ کے ضلع مردان میں توہینِ مذہب کے الزام پر عبدالولی خان یونیورسٹی کے طالب علم مشال خان کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔شعبہئ صحافت کے طالب علم مشال خان کو 13/اپریل کو مشتعل طلبا ء اور دیگر افراد نے توہینِ رسالت کا الزام لگانے کے بعد یونیورسٹی کے ہا سٹل میں تشدد کا نشانہ بناکر ہلاک کر دیا تھا۔سپریم کورٹ کے چیف جسٹس جانب سے اس قتل کا از خود نوٹس لئے جانے کے بعد خیبر پختونخوا کی پولیس نے اس قتل کے حوالے سے اب تک ہونے والی تفتیش کی رپورٹ بھی منگل کو عدالتِ عظمیٰ میں جمع کروا دی ہے۔مشال خان کے قتل کے خلاف متفقہ طور پر منظور کی جانے والی قرارداد منگل کو اجلاس کے دوران وفاقی وزیر رانا تنویر نے پیش کی۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ایوان مشال خان کے وحشیانہ اور سفاکی سے کیے گئے قتل کی متفقہ طور پر مذمت کرتا ہے اور پرعزم ہے کہ توہینِ رسالت کے قانون میں ایسی ٹھوس شقوں کی شمولیت یقینی بنائے جائے گی تاکہ مستقبل میں اس کا غلط استعمال کرتے ہوئے ایسے واقعات پھر رونما نہ ہوں۔قرارداد میں ایسے تمام افراد کی مذمت کی گئی ہے جو قانون ہاتھ میں لیتے ہیں،جس کا نتیجہ معصوم انسانی جانوں کے زیاں کی صورت میں نکلتا ہے۔اس قرارداد میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ مشال خان کے قتل کے معاملے میں ذمہ داران اور ان کے سہولت کاروں بشمول منافرت انگیز بیان بازی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت ترین کارروائی کریں۔


Share: