ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مستقبل کے چیف جسٹس کا سوال؟ جب بچے 7بجے اسکول جا سکتے ہیں تو عدالت 9بجے کیوں نہیں شروع ہو سکتی؟

مستقبل کے چیف جسٹس کا سوال؟ جب بچے 7بجے اسکول جا سکتے ہیں تو عدالت 9بجے کیوں نہیں شروع ہو سکتی؟

Sat, 16 Jul 2022 12:17:51    S.O. News Service

نئی دہلی،16؍جولائی(ایس او نیوز؍ایجنسی) سپریم کورٹ کے جج اور اگست میں ہونے والے ہندوستان کے چیف جسٹس ادے اومیش للت نے جمعہ کے روز اپنی عدالت کی کارروائی صبح 9.30 بجے شروع کر دی۔ اس دوران جسٹس للت نے کہا کہ اگر بچے صبح 7 بجے اسکول جا سکتے ہیں تو جج اور وکیل اپنے دن کی شروعات 9 بجے سے کیوں نہیں کر سکتے؟ جسٹس یو یو للت کے کورٹ نمبر دو نے معمول سے ایک گھنٹے پہلے ہی معاملوں پر سماعت شروع کر دی۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ کی بنچ ہفتہ کے پانچ دن صبح 10.30 بجے سے سماعت کا آغاز کرتی ہے اور شام 4 بجے تک کارروائی جاری رہتی ہے۔ اس دوران دوپہر ایک بجے سے دو بجے تک ایک گھنٹہ تک لنچ کا وقت ہوتا ہے، تاہم جسٹس للت، جسٹس ایس رویندر بھٹ اور جسٹس سودھانشو دھولیا کی بنچ جمعہ کے روز صبح 9.30 بجے بیٹھی اور معاملوں کی سماعت کا آغاز کر دیا۔

ایک کیس میں پیش ہونے والے سینئر وکیل اور سابق اٹارنی جنرل مکل روہتگی نے بنچ کے جلد سماعت شروع کرنے پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ صبح 9.30 کا یہ وقت عدالتوں کو شروع کرنے کیلئے زیادہ مناسب ہے۔ اس پر جسٹس للت نے جواب دیا کہ وہ ہمیشہ سے مانتے ہیں کہ عدالت کو جلدی بیٹھنا چاہئے۔ ہمیں صبح 9 بجے بیٹھنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ اگر ہمارے بچے صبح 7 بجے اسکول جا سکتے ہیں تو ہم 9 بجے عدالت کیوں نہیں آ سکتے؟ جسٹس للت نے مشورہ دیا کہ جن دنوں طویل سماعتوں کی ضرورت نہیں ہوتی، سپریم کورٹ کی بنچوں کو صبح 9 بجے شروع ہونا چاہیے اور آدھے گھنٹے کے وقفے کیلئے صبح 11.30 بجے اٹھنا چاہیے۔ دوپہر 12 بجے دوبارہ شروع کریں اور دوپہر 2 بجے تک ختم کریں، اس سے آپ کو شام میں کام کا زیادہ وقت ملے گا۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ جسٹس للت اگست میں چیف جسٹس آف انڈیا(سی جے آئی)بننے جا رہے ہیں۔ جسٹس للت 27 اگست کو چیف جسٹس این وی رمن سے عہدہ کی ذمہ داری حاصل کریں گے۔ تاہم ان کی مدت ملازمت طویل نہیں ہے اور وہ 8 نومبر تک ہی اس عہدے پر فائز رہیں گے۔


Share: