وڈودرا، 21؍اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے ملک میں اقلیتوں کی قابل رحم مالی حالت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرکز کی پہل ’مشن امپاورمنٹ ‘کے تحت اقلیتوں کی ترقی کی سمت میں کام کیا جا رہا ہے اور روزگار اور تعلیم پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔اقلیتی امور کے وزیر مملکت نقوی نے کل شام یہاں ہرنی ہوائی اڈے پر نامہ نگاروں سے کہا کہ یہ افسوس کی بات ہے کہ 50فیصدسے زیادہ اقلیتی طبقے خط افلاس سے نیچے زندگی بسر کر رہے ہیں، لیکن مرکز معاشرے کے ہر طبقے کی ترقی کے لیے پابندعہد ہے۔انہوں نے کہاکہ ہماری ’مشن امپاورمنٹ ‘پہل تمام ریاستوں میں اقلیتی کمیونٹیوں کی ترقی پر مرکوز ہے۔میں اس مسئلے پر اور اقلیتی بہبود کے پروگراموں کے نفاذ پر ریاستی حکومتوں کے ساتھ بات کرتا رہا ہوں۔چاہے وہ روزگار ہو، تعلیم کے لیے بنیادی ڈھانچہ کی سہولیات ہوں یا پھر اسکالر شپ ہو۔انہوں نے کہاکہ ہم کسی بھی طرح کے منفی ایجنڈے کے خلاف ہیں، ہم صرف اچھے حکمرانی کے لیے ہیں، ہم کسی کو بھی اپنے ایجنڈے کو نقصان پہنچانے نہیں دیں گے۔