ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / متاثرہ شامیوں کے ٹیسٹ،سیرین گیس سے حملے کی تصدیق: ترکی

متاثرہ شامیوں کے ٹیسٹ،سیرین گیس سے حملے کی تصدیق: ترکی

Fri, 07 Apr 2017 17:56:06    S.O. News Service

انقرہ،7اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)شام کے شمال مغربی صوبے ادلب میں واقع قصبے خان شیخون میں تباہ کن فضائی حملے سے متاثرہ افراد کے ابتدائی ٹیسٹوں کے نتائج سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ وہ ممکنہ طور پر زہریلی گیس سیرین کا شکار ہوئے ہیں۔یہ بات ترکی کی وزارت صحت نے  ایک بیان میں کہی ہے۔اس نے بتایا ہے کہ منگل کے روز خان شیخون پر فضائی حملے میں زخمی ہونے والے اکتیس افراد اس وقت مختلف ترک اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں اور شام سے ترکی منتقلی کے بعد سے تین افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔وزارت نے اپنے بیان میں مزید بتایا ہے کہ ان زخمیوں کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں اور ان کے نتائج سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ وہ کیمیائی عنصر(سیرین) کے حملے کا نشانہ بنے تھے۔
باغیوں کے زیر قبضہ قصبے خان شیخون پراس کیمیائی حملے مرنے والوں کی تعداد 86 ہوگئی ہے۔ اس فضائی حملے کے بعد بہت سے لوگوں کی حالت غیر ہوگئی تھی یا ان کا دم گھٹ گیا تھا اور بعض کے منھ سے جھاگ نکلنا شروع ہوگیا تھا۔طبی ماہرین کے مطابق یہ کیمیائی حملہ تھا لیکن شامی فوج کے ایک ذریعے نے فضائی حملے میں ایسا کوئی خطرناک ہتھیار استعمال کرنے کی سختی سے تردید کی تھی۔عالمی طاقتوں نے شامی صدر بشارالاسد کی حکومت کو اس فضائی حملے کا ذمے دار قرار دیا ہے لیکن شامی وزیرخارجہ ولید المعلم نے اس حملے میں اپنی فوج کے کسی قسم کے کردار سے انکار کیا ہے۔انھوں نے حکومت کے اس موقف کا اعادہ کیا ہے کہ ”شامی فوج نے نہ تو اس قسم کے ہتھیار استعمال کیے ہیں،اس نے ماضی میں بھی ایسا نہیں کیا تھا اور نہ وہ آیندہ کرے گی۔یہ ہتھیار نہ صرف ہمارے اپنے لوگوں بلکہ دہشت گردوں کے خلاف استعمال نہیں کیے جائیں گے جو ہمارے شہریوں پر مارٹر گولے فائر کررہے ہیں“۔
روس نے ادلب میں اس تباہ کن کیمیائی حملے کے باوجود اپنے اتحادی شامی صدر بشارالاسد اور ان کی حکومت کی حمایت میں فوجی کارروائیاں جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے اور روسی صدر ولادی میر پوتین نے کہا ہے کہ اس حملے کے حوالے سے جلد بازی میں کوئی نتیجہ اخذ نہ کیا جائے۔قبل ازیں روس کی وزارت دفاع نے بدھ کو ایک بیان میں شامی اپوزیشن کو اس کیمیائی حملے کا مورد الزام ٹھہرایا تھا۔اس کا کہنا تھا کہ خان شیخون میں حزب اختلاف کے کیمیائی ہتھیاروں کے ایک گودام پر شامی طیارے کی بمباری کے بعد زہریلی گیس کا اخراج ہوا تھا۔
 


Share: