نئی دہلی، 17؍اگست؍(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)بی ایس پی سپریمو مایاوتی نے آج الیکشن کمیشن سے اپیل کی کہ اتر پردیش میں فروری تک اسمبلی انتخابات کروائیں اور الزام لگایا کہ ملائم سنگھ یادو کے خاندان میں اندرونی جھگڑے کا سماج وادی پارٹی کی حکومت کے کام کاج پر منفی اثر پڑے گا۔انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی اور سماج وادی پارٹی جہاں اسمبلی انتخابات میں تاخیر کرنا چاہتے ہیں وہیں کمیشن کو چاہئے کہ پروگرام پر کام کرے اور وسیع مفاد عامہ میں جنوری فروری تک انتخابات کے لیے تاریخوں کا اعلان کرے۔اتر پردیش کی سابق وزیر اعلی نے یہاں ایک بیان جاری کرکے کہا کہ بی جے پی کی قیادت والی حکومت کو ریاست کی موجودہ صورت حال کو دیکھتے ہوئے کافی پہلے وہاں صدر راج لگانے کی تیاری کر لینی چاہیے تھی۔انہوں نے کہا کہ لیکن اتر پردیش میں بی جے پی کی خراب صورت حال کو ذہن میں رکھتے ہوئے مرکز صدر راج لگانے کی ہمت نہیں جٹا پایا۔اتر پردیش میں حکمراں سماج وادی پارٹی میں اس ہفتے کی شروعات میں دراڑ بڑھنے کی خبریں آئیں۔لکھنؤ میں پیر کو یوم آزادی پر تقریر کے دوران ایس پی سربراہ ملائم سنگھ یادو نے اپنے بیٹے اور وزیر اعلی اکھلیش یادو پر اپنے چچا شوپال یادو کو نظر انداز کرنے کے لئے حملہ کر کے سنسنی پھیلا دی۔ملائم نے دھمکی دی کہ اگر ان کے بیٹے نے اپنا راستہ تبدیل نہیں کیا تو آٹھ دنوں کے اندر وہ ان لوگوں کی فہرست جاری کریں گے جنہیں برخواست کرنے کی ضرورت ہے۔