نئی دہلی،18؍ جولائی (ایس او نیوز؍ایجنسی) نائب صدر جمہوریہ کے انتخاب کیلئے این ڈی اے کے بعد اب اپوزیشن نے بھی اپنے امیدوار کا اعلان کر دیا ہے۔ اپوزیشن نے این ڈی اے امیدوار جگ دیپ دھن کھر کے سامنے نائب صدر کیلئے مارگریٹ آلوا کے نام پر داؤ کھیلا ہے۔ مارگریٹ آلوا اتراکھنڈ کی پہلی خاتون گورنر رہ چکی ہیں، اس کے علاوہ وہ راجستھان کی گورنر بھی رہ چکی ہیں۔ خیال رہے کہ کل شام این ڈی اے نے مغربی بنگال کے گورنر جگ دیپ دھن کھر کو اپنی طرف سے نائب صدر کے انتخاب کیلئے میدان میں اتارا ہے۔ یہ فیصلہ کل بی جے پی پارلیمانی بورڈ کی میٹنگ میں کیا گیا۔ جس کے بعد آج اپوزیشن نے بھی اپنے امیدوار کا اعلان کردیا۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں نے آج آل پارٹی اجلاس طلب کیا تھا جس میں اپوزیشن کی جانب سے نائب صدر کے عہدے کا امیدوار کون ہوگا۔ اس دوران کانگریس نے دیگر اپوزیشن جماعتوں کو مطلع کیا تھا کہ کانگریس اپنی پارٹی سے امیدوار کھڑا نہیں کرے گی۔اپوزیشن امیدوار کے طور پر نامزد کیے جانے کے بعد مارگریٹ آلوا نے ٹویٹ کیا کہ ہندوستان کے نائب صدر کے عہدے کیلئے متحدہ اپوزیشن کے امیدوار کے طور پر نامزد ہونا ایک اعزاز کی بات ہے۔ میں اس نامزدگی کو نہایت عاجزی کے ساتھ قبول کرتی ہوں اور مجھ پر اعتماد کرنے پر اپوزیشن کے قائدین کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔
خیال رہے کہ مارگریٹ آلوا 14 اپریل 1942 کو پیدا ہوئیں۔ انہوں نے 6 اگست 2009 سے 14 مئی 2012 تک اتراکھنڈ کی پہلی خاتون گورنر کے طور پر خدمات انجام دیں،اس کے ساتھ ہی وہ راجستھان کی گورنر بھی رہ چکی ہیں۔ وہیں وہ انڈین نیشنل کانگریس کی سینئر رکن اور آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی جنرل سکریٹری ہیں۔مارگریٹ آلوا 14/ اپریل 1942 کو منگلور میں پیدا ہوئیں۔ سیاست میں آنے سے پہلے آلوا ایک معروف وکیل ہوا کرتی تھیں۔ وکیل ہونے کے علاوہ مارگریٹ آلوا ایک بہت اچھی پینٹر بھی ہیں۔ 1974 سے 2004 تک وہ 5 بار ایم پی بھی رہی ہیں۔
انہوں نے مرکزی حکومت میں اہم محکموں کے وزیر مملکت کے طور پر بھی کام کیا۔ ایم پی رہتے ہوئے انہوں نے خواتین کی بہبود کیلئے بہت سے قوانین پاس کرانے میں مؤثر کردار ادا کیا۔ انہوں نے خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق پالیسیوں کے بلیو پرنٹ بنانے اور انہیں مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی طرف سے قبول کرنے کے عمل میں ایک قابل قدر تعاون کیا۔نہ صرف ملک میں بلکہ بیرون ملک بھی انہوں نے انسانی آزادی اور خواتین کے مفادات کیلئے کام کیا۔ جنوبی افریقہ کے صدر نے انہیں قومی اعزاز سے بھی نوازاگیا ہے۔