واشنگٹن ،14؍اگست(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)امریکہ کی جنوبی ریاست لوزیانہ میں موسلہ دھار بارشوں کے بعد ہفتے کے روز گورنر، جان بیل ایڈورڈس نے ہنگامی صورت حال کا اعلان کر دیا ہے۔شدید سیلاب کے باعث جنوب مشرقی لوزیانہ میں، جس میں نیو اورلینز بھی شامل ہے، سنگین صورت حال پیدا ہو گئی ہے۔ برساتی پانی سے دو لاشیں برآمد کی جاچکی ہیں، جب کہ نیشنل گارڈ کے دستوں نے کہا ہے کہ اُنھوں نے ہفتے کی شام 1000سے زائد افراد کو بچا لیا ہے۔علاقے کا ایک بڑا رقبہ پچھلے اتوار سے سیلاب کی زد میں ہے۔مسی سیپی اور الابا میں بھی شدید موسلہ دھار بارشیں ہوتی رہی ہیں، جس طوفانی نظام کے باعث پورے علاقے کا نظامِ زندگی بری طرح متاثر ہو چکا ہے یا تھپ پڑا ہے۔پانی کے تیز بہاؤ کے نتیجے میں کاریں بہہ گئی ہیں اور کم از کم 18پہیوں والا ٹرک ہائی وے سے نیچے گر پڑا ہے، جب کہ کئی لوگوں نے گھر خالے کر دیے ہیں۔بیٹن روج کے قریب، جو لوزیانہ کا دارلحکومت ہے، اہل کاروں نے بتایا ہے کہ وہ پھنسے ہوئے 150افراد کو محفوظ مقامات کی جانب منتقل کرنے کا بندوبست کر رہے ہیں۔