ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / لاپتہ بلاگر سلمان حیدر واپس لوٹ آئے

لاپتہ بلاگر سلمان حیدر واپس لوٹ آئے

Sat, 28 Jan 2017 21:30:33    S.O. News Service

اسلام آباد28جنوری(ایس  او نیوز/آئی این ایس انڈیا)پاکستانی میڈیا کے مطابق قریب تین ہفتے قبل اسلام آباد کے علاقے بنی گالا سے لاپتہ ہو جانے والے بلاگر، انسانی حقوق کے کارکن اور فاطمہ جناح یونیورسٹی کے پروفیسر سلمان حیدر جمعہ کی شب گھر لوٹ آئے۔رواں ماہ کے آغاز میں سلمان حیدر کے علاوہ چار دیگر سوشل میڈیا ایکٹیوسٹس اور بلاگرز لاپتہ ہو گئے تھے۔ وقاص گورایا اور عاصم سعید چار جنوری کو لاہور سے لاپتہ ہوئے جب کہ احمد رضا نصیر سات جنوری کو شیخوپورہ سے غائب ہوئے۔ اس کے علاوہ لاپتہ ہو جانے والوں میں ثمر عباس بھی شامل ہیں، جو شیعہ مسلم برادری کے لیے سرگرم ہونے کے ساتھ ساتھ سول پروگریسیو الائنس پاکستان کے سربراہ بھی ہیں۔

فاطمہ جناح یونیورسٹی کے پروفیسر سلمان حیدر اپنے طالبان مخالف موقف کے حوالے سے جانے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ پاکستانی حکومت کی  شدت پسندوں کے خلاف غیر مؤثر کارروائیوں پر بھی تنقید کرتے رہے ہیں۔ایک پاکستانی انگریزی اخبار دا نیوز نے اسلام آباد پولیس کے حوالے سے لکھا ہے کہ سلمان حیدر جمعہ 27جنوری کی شب اپنے گھر لوٹ آئے اور یہ کہ ان کی صحت ٹھیک ہے۔سلمان حیدر کی 6جنوری کی شام گمشدگی کے بعد ان کے اہل خانہ کو ایک ٹیکسٹ پیغام کے ذریعے مطلع کیا گیا تھا کہ ان کی کار کورل چوک پر موجود ہے جسے وہاں سے لے لیا جائے۔پاکستانی حکومت ان بلاگرز کے غائب ہو جانے کی وجہ سے شدید دباؤ میں ہے۔ پارلیمان نے بھی اس سلسلے میں مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا جب کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے متاثرہ خاندانوں سے وعدہ کر رکھا ہے کہ ان کے پیاروں کو تلاش کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائیجا رہے ہیں۔

سلمان حیدر کی گمشدگی کے بعد ان کے بھائی ذیشان حیدر نے ڈوئچے ویلے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا، سلمان کوکوئی دھمکی نہیں ملی لیکن وہ ایک سماجی نقاد، شاعر اور ادیب ہیں۔ وہ تنقید کے نام سے ایک رسالہ بھی ایڈٹ کرتے تھے۔ بلوچستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف وہ کھل کر بولتے تھے۔ اس کے علاوہ وہ مذہبی ہم آہنگی پر کام بھی کرتے تھے۔ وہ کبھی کسی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث نہیں رہے۔سلمان حیدر کی واپسی کے بعد اب امید ہو چلی ہے کہ دیگر لا پتہ ہونے والے بلاگرز اور سوشل میڈیا ایکیٹیوسٹ بھی لوٹ آئیں گے  تاہم ابھی تک ان میں سے کسی کی واپسی کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
 


Share: