قاہرہ،30مارچ(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)پسندیدہ استاد کے چلے جانے یا فوت ہونے پر طلبہ کو دکھ ضرور پہنچتا ہے مگر مصرمیں ایک شفیق استاد کی فوتگی کے بعد اسے خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے اسکول کے طلبہ نے ایک کلومیٹر طویل قطار بنا کر اپنے استاد کوخراج عقیدت پیش کیا۔استاد کی منفرد تکریم کا یہ واقعہ الشرقیہ گورنری کے شنباری المیمونہ اسکول کے طلبہ کی جانب سے کیا گیا۔ جب اسکول کے ایک استاد کو تدفین کے لیے لے جایا جانے لگا تو سڑک کے دونوں کناروں پر طلبہ نے ایک کلومیٹر طویل قطار بنا کر اپنے استاد عطیہ عبدالطیف ہاشم کو خراج عقیدت پیش کیا۔ شاگردوں اور دوسرے طلبہ کی جانب سے اپنے استاد کی تکریم کا یہ مظاہرہ مقامی لوگوں کے لیے بھی حیران کن تھا۔ لوگوں نے اسے بہت پسند کیا اور طلبہ اس اسکول انتظامیہ کی تعریف کی۔
اس موقع پر طلباء کا کہنا تھا کہ ان کے استاد عبدالطیف ہاشم نے دوران تدریس اپنی محبت، عطاء اور علم سکھانے میں ذرا برابر بھی کسی قسم کے بخل کا مظاہرہ نہیں کیا۔ طلبہ بھی شفیق اور باصلاحیت استاد سے بہت محبت کرتے تھے۔ ان کی اچانک وفات کی خبر نے اسکول کے تمام طلبہ کو دکھی کیا ہے۔ اس لئے تمام طلبہ نے دنیا سے رخصت ہونے والے استاد کی تکریم کے لیے صف بنا کر انہیں الوداع کیا۔فوت ہونے والے مصری استاد کے ساتھی اساتذہ کا کہنا ہے کہ ہاشم ریاضی کے استاد تھے۔ وہ اپنے شاگردوں سے اپنی اولاد کی طرح محبت کرتے تھے۔ وہ بچوں کی پڑھائی کے معاملے میں ان کے گھروں تک جاتے، والدین سے ملتے اور ان سے بچوں کے روز مرہ تدریسی امور پر والدین کو مطمئن کرتے تھے۔طلبہ نے بھی ایک شفیق استاد کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک محبت کرنے والے باپ سے محروم ہوئے ہیں۔