غازی آباد ، 4؍ستمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) غازی آباد واقع مودی نگر کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں دو مسلمانوں کے ساتھ مار پیٹ کی جا رہی ہے، اس ویڈیو کی بنیاد پر پولیس نے دو ملزم نوجوانوں کو گرفتار کیا ہے۔ وائرل ویڈیو میں دکھائی دے رہا ہے کہ دو لڑکے دو مسلم اشخاص کو پیٹ رہے ہیں اور انھیں گالیاں دے رہے ہیں۔ ویڈیو میں آس پاس کچھ لوگ بھی دکھائی دے رہے ہیں جو انھیں چھڑانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ کچھ مسلم اشخاص نے پولیس کو اس سلسلے میں فون کر کے جانکاری دی جس کے بعد معاملہ درج کیا گیا اور ملزمین کی تلاش شروع ہو گئی۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ دیہی سے ملی جانکاری کے مطابق تھانہ مودی نگر علاقہ میں ایک واقعہ پیش آیا تھا جس میں سَنی اور سچن نام کے دو نوجوانوں نے صداقت و ان کے ایک ساتھ کے ساتھ بدتمیزی و گالی گلوچ کی۔ ملزمین نے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے والے الفاظ بھی کہے اور جان سے مارنے کی دھمکی بھی مسلم افراد کو دی گئی تھی۔ مذکورہ معاملے پر نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کیا گیا اور کارروائی کے لیے ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں۔ دونوں ملزمین کو گرفتار کر کے جیل بھیجا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ہنوز جانچ اور پوچھ تاچھ جاری ہے اور جلد ہی سخت کارروائی کی جائے گی۔