ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / عمر خالد کی گرفتاری کے2 سال مکمل ، دہلی میں سماجی تنظیموں کا احتجاج، رہائی کا مطالبہ

عمر خالد کی گرفتاری کے2 سال مکمل ، دہلی میں سماجی تنظیموں کا احتجاج، رہائی کا مطالبہ

Wed, 14 Sep 2022 11:07:54    S.O. News Service

نئی دہلی، 14؍ستمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی)  جے این یو طلبہ لیڈر عمر خالد کی گرفتاری کے دو سال مکمل ہونے پر  منگل کو دہلی کے پریس کلب میں پریس کانفرنس  کا انعقاد کیا گیا جبکہ اس سے قبل وہیں پر علامتی احتجاج کرتے ہوئے عمر خالد اور دیگر محروسین کی رہائی کا مطالبہ بھی کیا گیا ۔  پریس کانفرنس میںمقررین کے طور پر بکر پرائز جیتنے والی مشہور ناول نگار گیتانجلی شری، ایڈوکیٹ شاہ رخ عالم،جے این یو طلبہ یونین کی صدر آئیسی گھوش اور آئیسا کی ریاستی نائب صدر نیہا نے شرکت کی اور عمر خالد اور ان کے اہل خانہ کے  لئے ہمدردری کا اظہار کیا۔ اس دوران عمر خالد  کے ساتھ ساتھ خالد سیفی ،شرجیل امام، گلفشاں فاطمہ، شاد اب احمد اورشعیب عالم سمیت متعدد سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا ۔

 کلیدی مقرر کے طور پر عمر خالد کی والدہ صبیحہ خانم نے خطا ب کرتے ہوئے ایک ماں سے اس کے بیٹے کی جدائی کادرد نم آنکھوں سے بیاں کیا۔ انہوں نے کہاکہ میرا بیٹا ہمت والا ہے  ۔وہ جیل میں رہ کر بھی تمام مشکلات کا سامنا ہمت سے کررہا ہے ۔میری عمر سے بات ہوتی ہے تو وہ اپنی پریشانی یا مشکلات کا کبھی تذکرہ نہیں کرتا لیکن مجھے معلوم ہے کہ وہ اس وقت بہت ساری مشکلات میں گھرا ہوا ہے ۔ عمر خالد کی والدہ صبیحہ خانم نے بتایا کہ ایک مرتبہ عمر نے ذکر کیا تھا کہ سردیوں کے دوران جیل میں کھڑکی سے یخ بستہ ہوائیں آتی ہیں۔برسات کے موسم میں اس کے سینے پر مینڈک بیٹھ جاتے ہیںجس کی وجہ سے وہ سونہیں پاتا ۔ گرمیوں کے موسم میں عد الت جا نے کے  لئے عمرکوگھنٹوں بند گاڑی میں بٹھادیا جاتا ہے۔

عمر خالد کی والدہ نے بتایا کہ عمر شروع سے ہی مظلوموں کے ساتھ کھڑارہا ہے۔اگرظلم کے خلاف کھڑا ہونا اس کا جرم ہے تو میں اس کیلئے بہت خوش ہوں کیونکہ وہ حق کے ساتھ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ میرے  بیٹے سمیت تمام سیاسی قیدیوں کوفوری طور پر رہا کیا جائے اور ان کے مقدمات کو بھی واپس لیا جاۓ ۔اس موقع پر ناول نگار گیتانجلی شری نے کہا کہ عدلیہ عمر خالد کو اس طرح کا مجرم تصور کرتی ہے کہ اس کی ضمانت تک منظور نہیں کی جارہی ہے جبکہ اس نے ملک کے عوام کے حقوق کیلئے آواز بلند کی تھی۔انہوں نے کہا کہ عمر خالد کے ساتھ جو ہورہا ہے اس کو فوری طور پر ختم کیا جائے اور ان کو فورا رہا کیا جاۓ ۔ آئیسی گھوش نے کہا کہ عمر خالد جب جے این یو میں تھے تو انہوں نے طلبہ کے جائز مسائل اٹھاۓ تھے ۔ وہ ہمیشہ حق کے ساتھ تھے۔ انہوں نے مودی حکومت کے ہر عوام مخالف فیصلے کی مخالفت کی ہے ، یہی وجہ ہے کہ مودی حکومت عمر سے ڈرتی ہے اسلئے ان پر جھوٹے الزامات عائد کر کے انہیں قید کر رکھا ہے۔ آئیسی گھوش نے کہا کہ جے این یو طلبہ برادادری عمر خالد کے ساتھ ہے اورانہیں فوراً رہا کرنے کا مطالبہ کرتی ہے۔ایڈ کیٹ شاہ رخ عالم نے عمر کی ضمانت میں پیش آنے والی مشکلات کا ذکر کیا اور بتایا کہ موجودہ حکومت اپنی طاقت کے زور پر وہ سب کر رہی ہے جو وہ کرنا چاہتی ہے ۔ اس موقع پر راجیہ سجھارکن منوج  جھا ،محمدای ٹی بشیر محمد سلیم ،عینی راجہ نے ویڈیو پیغام کے ذریعہ عمر خالد سمیت تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔

 


Share: