ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / علما اور دانشور ٹی وی چینلوں کے ڈبیٹس کا بائیکاٹ کریں: مسلم پرسنل لا بورڈ

علما اور دانشور ٹی وی چینلوں کے ڈبیٹس کا بائیکاٹ کریں: مسلم پرسنل لا بورڈ

Sat, 11 Jun 2022 11:18:36    S.O. News Service

نئی دہلی،11؍جون (ایس او نیوز؍ایجنسی) آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے علماء اور دانشوروں سے ٹی وی چینلوں کے مباحثوں اور ڈبیٹس میں شرکت نہ کرنے کی اپیل ہے۔ یہ اپیل انہوں نے آج یہاں جاری ایک مختصر بیان میں کی ہے۔

مولانا خالد سیف اللہ رحمانی جنرل سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے اپنے پریس نوٹ میں کہا ہے کہ صدر بورڈ حضرت مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی، نائبین صدر بورڈ حضرت مولانا سید جلال الدین ، حضرت مولاناکا کاسعید احمد عمری ، حضرت مولانا سید شاہ فخر الدین اشرف ، حضرت مولانا سید ارشدمدنی ، ڈاکٹر سید علی محمد نقوی نے اپنے مشترکہ بیان میں علماء اور دانشوروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ان ٹی وی چینلوں کے مباحثوں اور ڈبیٹس میں شرکت نہ کریں۔

 جس کا مقصد محض اسلام اور مسلمانوں کی تضحیک اور استہزا ہے۔ ان پروگراموں میں شرکت کرکے وہ اسلام اور مسلمانوں کی کوئی خدمت تو نہیں کرپاتے بلکہ بالواسطہ اپنی رسوائی اور اسلام و مسلمانوں کے استہزا کا سبب بن جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان پروگراموں کا مقصد بھی کسی تعمیری بحث کے ذریعہ کسی نتیجے تک پہنچنا نہیں ہوتا بلکہ محض اسلام اور مسلمانوں کا مذاق اڑانا اور بدنام کرنا ہوتا ہے۔ یہ چینلس اپنی غیر جانبداری ثابت کرنے کے لئے کسی مسلم چہرہ کو بھی اس بحث کا حصہ بنانا چاہتے ہیں۔

ہمارے علماء اور دانشور نادانستگی میں اس سازش کا شکار ہوجاتے ہیں۔ اگر ہم نے ان پروگراموں اور چینلس کا بائیکاٹ کیا تو نہ صرف اس سے ان کی ٹی آر پی گھٹے گی بلکہ وہ اپنے مقصد میں بھی بری طرح ناکام ہو جائیں گے۔


Share: