ممبئی، 30؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )بامبے ہائی کورٹ نے آج مہاراشٹر حکومت اور سرکاری ملازمتوں اور تعلیمی اداروں میں 16فیصد ریزرویشن کے معاملے پر ہائی کورٹ میں عرضی دائر کرنے والے دوسرے لوگوں کو تحریری طورپر اپنی دلیلیں سپرد کرنے کی ہدایت دی۔جسٹس انوپ موہتا اور جسٹس جی ایس کلکرنی نے تمام متعلقہ فریقوں کو 13؍اکتوبر تک تحریری طور پر اپنی دلیلیں سونپنے کی ہدایت دی ہے جس کے بعد عدالت معاملہ میں آخری سماعت کے لیے تاریخ مقرر کرے گی۔16فیصد مراٹھا ریزرویشن کے فیصلے کو چیلنج کرنے کے لیے ہائی کورٹ میں مفاد عامہ کی کئی عرضیاں اور دوسری درخواستیں دائر کی گئی ہیں۔ان میں سے ایک درخواست گزار کیتن تروڈکر نے اپنی درخواست میں دعوی کیا کہ مراٹھا کمیونٹی کو سماجی اور تعلیمی طور پر پسماندہ قرار دینے کا فیصلہ ملک اور اس کے آئین کے ساتھ دھوکہ دہی ہے۔نومبر 2014میں ہائی کورٹ نے مہاراشٹرکی سابق کانگریس -این سی پی حکومت کے متنازعہ فیصلے کے نفاذ پر روک لگا دی تھی۔